مقبوضہ کشمیر ، فوجی پہرے میں بھارتی جھنڈا لہرانے سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، مسلم لیگ

جمعرات 16 اگست 2018 17:42

سرینگر 16 ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ نے کہا ہے کہ بھارتی یوم آزادی کے روز سرینگر کرکٹ سٹیڈیم کی چار دیواری کے اندر اور بھارتی فورسز اہلکاروں کے پہرے میں بھارتی جھنڈا لہرانے سے جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری محمد رفیق گنائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ ستر برس سے غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارتی یوم آزادی یا پھر یوم جمہوریہ کی تقریبات ان کیلئے کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق تسلیم کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدگی اختیار کر لینی چاہیے۔ محمد رفیق گنائی نے کہا کہ کشمیری بھارتی ظلم وجبر کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے اور وہ شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :