Live Updates

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نی24گھنٹوں کے دوران کپواڑہ اور بارہمولہ میں چار نوجوان شہید کردیئے

طلباء پر طاقت کا وحشیانہ استعمال، گرفتاریوں کی مذمت

اتوار 19 اگست 2018 18:20

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران بارہمولہ میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیاجس کے نتیجے میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کو 4ہوگئی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے بارہمولہ کے علاقے کستوری میں آج محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کیا۔

ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں گزشتہ روز تلاشی آپریشن کے دوران 3نوجوانوں شہید کیے گئے تھے۔ فوجیوں نے سوپور کے علاقے تجر سے چھاپوں کے دوران دس سے زائد نوجوان گرفتار کر لیے ۔ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔ ضلع پلوامہ کے علاقے نکاس آربل میں گھر پر بھارتی فوجیوں کے چھاپے سے خوفزدہ ہو کر بیہو ش ہونے والی ایک خاتون چار روز تک جانکنی کے عالم میں رہنے کے بعد سرینگر کے ایک ہسپتال میں چل بسی۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران خاتون کی بیٹی بھی بیہوش ہو گئی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے پٹن کے ایک انجینئرنگ کالج کے طلباء کے خلاف لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کی۔ بیان میں عید الاضحی سے قبل مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں محاصروں ، تلاشیوں اور گرفتاریوں کی تازہ لہر کی بھی مذمت کی گئی۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے خانقاہ معلی سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 35۔ اے کو ختم کرنے کی کوششوں کا اصل مقصد جموں وکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا اور مقبوضہ علاقے کو ایک اور فلسطین بنانا ہے۔ ’’ایمپلائز جوئنٹ ایکشن کمیٹی‘‘ نے سرینگر میں ایک اجلاس میں اور جموںوکشمیر یونائیٹڈ پیس مومنٹ نے جموں میں ایک سیمینار کے دوران دفعہ 35-Aکے خلاف سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیاہے۔

’’کشمیر شکارہ اونرز ایسوسی ایشن اور ورکرز ایسوسی ایشن‘‘ نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی بھارتی کوششوں کے خلاف آج جھیل ڈل میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شکارہ مالکان اور ورکرز ہاتھوں میں بینرز اٹھائے اور نعرے لگاتے ہوئے اپنی کشتیوں پر سرینگر کے جھیل ڈل میںجمع ہوئے اور اپنا احتجاج درج کرایا۔قابض انتظامیہ نے تحریک آزادی کے شہید رہنمامحمد مقبول بٹ کے بھائی ظہور احمد بٹ سمیت تین افراد پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں جموں کی کٹھوعہ جیل منتقل کردیا ہے۔

حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، عبدالصمد انقلابی اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اپنے بیانات میں پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ ادھر سینئر حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کوآج تحریک حریت حموں وکشمیر کا اگلے تین سال کے لیے چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات