Live Updates

عمران خان کا کسی ڈاکو سے این آر او نہ کرنے کا اعلان قابل تحسین ہے، سردار عثمان بزدار کے وزیراعلی پنجاب بننے کا خیرمقدم کرتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

اتوار 19 اگست 2018 21:30

لاہور۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ن لیگ تصادم کا ماحول بنا کر نئی حکومت کو ناکام بنانا چاہتی ہے۔ قوم سیاست کو تجارت بنانے والوں سے نجات پر خوش ہے۔ ن لیگ نے ہلڑ بازی کر کے نئے پاکستان کی نئی اسمبلی میں پرانی سیاست کا بدترین مظاہرہ کیا۔ عمران خان کا کسی ڈاکو سے این آر او نہ کرنے کا اعلان قابل تحسین ہے۔

سردار عثمان بزدار کے وزیراعلی پنجاب بننے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کے لئے ملک کو داخلی ہم آہنگی کی ضرورت ہے اس لئے اپوزیشن قومی مفاد کی خاطر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرے۔ عمران خان کا نئی اسمبلی میں پہلا خطاب کرپٹ مافیا کے لئے واضح پیغام تھا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ احتساب کے عمل کو شفافیت اور غیرجانبداری سے آگے بڑھانا ہو گا۔ عمران خان کا اصل امتحان اپنے دعووں کو حقیقت کا روپ دینا ہے۔ نئی حکومت کو اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے الجھے معاملات کو سلجھانا ہو گا۔ قوم اب عمران خان کے وعدوں پر عملدرآمد کی منتظر ہے۔ پورے ملکی نظام کی اوور ہالنگ کی ضرورت ہے۔ نئی حکومت ملک کو کرپشن اور بیڈ گورننس کی دلدل سے نکالنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد کی منظوری اسلامیان پاکستان کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ بلاول بھٹو کی قومی اسمبلی میں پہلی تقریر متاثرکن تھی۔ پی ٹی آئی کی حکومت کڑے احتساب کو یقینی بنائے، اپوزیشن نئی حکومت کو چلنے دے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات