چودھری نثار علی خان کے قریبی ساتھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے

عمر فاروق نے شیر کا نشان چھوڑ کر جیپ کے نشان پر الیکشن لڑا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 6 ستمبر 2018 12:08

چودھری نثار علی خان کے قریبی ساتھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 ستمبر 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما چودھری نثار علی خان کے قریبی ساتھی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چودھری نثار علی خان کے قریبی ساتھی عمر فاروق اڈیالہ جیل پہنچے تو صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ اڈیالہ جیل آئے ہیں، کیا آپ چودھری نثار علی خان کا کوئی پیغام لے کر نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئے ہیں؟ جس پر عمر فاروق نے کہاکہ یہ سب میں نواز شریف سے ملاقات ہونے کے بعد بتاؤں گا۔

یاد رہے کہ چودھری نثار علی خان کی طرح ان کے ساتھی عمر فاروق نے بھی شیر کا نشان چھوڑ کر جیپ کے انتخابی نشان پر عام انتخابات 2018ء میں حصہ لیا تھا۔ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ ن کی پالیسی ساز رہنماؤں کی صف میں ہوتا تھا لیکن پارٹی سے اختلافات کی وجہ سے انہیں الیکشن میں بھی شدید نقصان اُٹھانا پڑا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست سے کامیابی ان کا مقدر نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔ چودھری نثار علی خنا کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں نہ تو حلف اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لیا۔

چودھری نثار علی خان کے کچھ قریبی ذرائع نے بتایا کہ چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 راولپنڈی سے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن حال ہی میں موصول ہونے والی خبروں کے مطابق سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 سے ضمنی الیکشن نہ لڑنے اور بیرون ملک روانہ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چودھری نثار لندن جائیں گے، لندن سے امریکا کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ پہلے سے قیام پذیر اپنے اہل خانہ کے ساتھ قیام کریں گے۔ تاہم اب ان کے قریبی ساتھی عمر فاروق کی نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آمد نے کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر عمر فاروق چودھری نثار علی خان کا کوئی پیغام لے کر ہی نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئے ہیں۔