معروف آزادی پسند اعجاز ڈار کی 30ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت

منگل 18 ستمبر 2018 12:13

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوںنے معروف آزادی پسند اعجاز احمد ڈار کو ان کے 30 ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نڈر اور بے باک کمانڈر تھے جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں ظفر اکبر بٹ اور محمد یوسف نقاش نے شہید اعجاز احمد ڈار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہدآزادی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوںنے اعجاز ڈار کے علاوہ ان کے ساتھیوں مقبول الٰہی ،محمد عبداللہ بنگرو، اشفاق مجید وانی ،شیخ عبد الحمید ، ناصر بختیار اوردیگر کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ (آر) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو، ایڈووکیٹ ایوب راٹھور اور جنرل سیکرٹری وجاہت بشیر قریشی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہید اعجاز ڈار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوںنے کہاکہ وہ تحریک آزادی کے کاروان میں صف اول کے سالار اور کمانڈر تھے جنہوںنے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ۔انہوںنے کہاکہ ان کا شمار انقلاب آزادی کے بانیوںمیں ہوتا ہے جنہوںنے کشمیری قوم کوغفلت کی نیند سے جگانے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔حریت رہنمائوںنے شہید اعجاز ڈار کے علیل والد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔