Live Updates

رواں مالی سال میں کسی محکمے کے لئے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدیں گے، سندھ میں جلد ملازمتوں پر پابندی ہٹا دیں گے ,کراچی کے پانی کے منصوبے کے فورکی لاگت بہت بڑھ گئی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ ،سید مراد علی شاہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 18 ستمبر 2018 20:08

رواں مالی سال میں کسی محکمے کے لئے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدیں گے، سندھ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں کسی محکمے کے لئے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدیں گے ، جلد ملازمتوں پر پابندی ہٹا دیں گے۔ کسی بھی غیر قانونی مقیم فرد کو شہریت نہیں ملنی چاہیے، ملک کے قانون کے مطابق شہریت دی جائے گی۔ منگل کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق سے ہمیں 49 ارب روپے کم ملے ہیں، کراچی کے پانی کے منصوبے کے فورکی لاگت بہت بڑھ گئی ہے اوراس کے لیے ہمیں وفاق کی مدد درکارہوگی، سندھ میں کم اور تاخیر سے رقم منتقلی کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھایا ہے ، ہمیں نئی ترقیاتی اسکیم میں 26 ارب روپے کٹوتی کرنی پڑ رہی ہے، وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ ڈی سیلینیشن پلانٹس کے لیے ہماراساتھ دیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں نے کوئی لگژری گاڑی نہیں خریدی جب کہ رواں مالی سال میں کسی بھی محکمے کے لیے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدی جائے گی، صرف آپریشنل گاڑیوں کی خریداری کی اجازت ہوگی اور آپریشنل وہیکلز میں صرف پولیس اور ایمبولینس گاڑیاں شامل ہوں گی۔لگژری گاڑی استعمال کرنے سے گریز کرتا ہوں، پرانی گاڑیاں خریدنے والا کوئی نہیں، کوئی ملے تو میری گاڑی بھی بھیج دیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ لاڑکانہ میں واٹرسپلائی اسکیم نہیں تھی، رواں مالی سال کے بجٹ میں لاڑکانہ واٹرسپلائی اسکیم شامل کی ہے۔ پورے صوبے میں 41 ٹراما سینٹرز میں بنارہے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزاسپتالوں کی طویل عرصے سے جاری اسکیمیں جلد مکمل کی جائیں گی، 17 ڈسڑکٹ تعلقہ اسپتال رواں مالی سال میں مکمل کریں گے، واٹر کمیشن کی اسکیمیں بھی نئے ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہیں، 60 کلومیٹر کے کوسٹل ہائی وے منصوبے پر آٹھ ارب روپے لاگت آئیگی۔

گرین لائن منصوبہ اب تک مکمل نہیں ہوا،اس لیے بسیں نہیں خریدیں، بسیں خریدنے کی بات وفاق نے کی ہے، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ۔انہوں نے بتایا کہ نئی اسکیموں میں واٹر کمیشن کی سفارشات کے تحت اسکیم شامل کی، کوسٹل ہائی وے کی اسکیم کے لیے رواں سال 2 ارب رکھے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے سامنے سندھ افسران کے تبادلوں پر بات ہوئی۔ سندھ کے افسران کی بین الصوبائی تقرریاں رولز کے مطابق ہونی چاہئیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات