Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب حنیف عباسی کی تصویرکا نوٹس لیں گے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا اڈیالہ جیل میں نوازشریف کے ساتھ حنیف عباسی کی تصویرکی خبروں پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 ستمبر 2018 17:42

وزیراعلیٰ پنجاب حنیف عباسی کی تصویرکا نوٹس لیں گے
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) وفاقی وزیراطلات ونشریات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کی تصویرکا وزیراعلیٰ پنجاب نوٹس لیں گے،نوازشریف، مریم نواز کا جیل آنا جانا لگا رہے گا، حسن، حسین اور اسحاق ڈار کوبھی واپس لائیں گے، ڈیل کی باتیں غلط ہیں عمران خان نہ ڈیل اورنہ ڈھیل کریں گے، آج ای سی ایل میں نام نہ ہوتا تویہ سب باپر چلے جاتے، کرپشن کا پیسا واپس لایا جائے گا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یا پی ٹی آئی کی کوئی ذاتی دشمنی یا لڑائی نہیں ہے۔ پاکستان کے اثاثوں کی حفاظت کرنا حکومت کا کام ہے۔ نوازشریف اور مریم نواز کا جیل میں آنا جانا لگا رہے گا۔ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا، اب ان کوتسلی ہوئی ہوگی جوکہتے تھے کہ ان کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈال دیا گیا ہے؟ جیسے ان کی کل رہائی ہوئی ہے اگر ای سی ایل میں نام نہ ہوتا تویہ سب شام کوبرطانیہ چلے جاتے۔

(جاری ہے)

پھر ہم ان کوڈھونڈتے رہ جاتے۔ برطانیہ اور سعودی عرب سے پیسے کی واپسی کیلئے معاہدے ہوئے ہیں۔کیس میں جوخامیاں تھیں ان کودور کیا جائے گا اور نوازشریف کوواپس اڈیالہ جیل میں بھجوایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حسن ، حسین اور اسحاق ڈار کوبھی جیل سے باہر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ان کوواپس لے کرآئیں گے۔سعودی عرب سے بات ہوئی ہے ان کوپتا ہی نہیں ہے کہ نوازشریف اور سعودی عرب کے تعلقات کیا ہیں اور آج وہ کہاں کھڑے ہیں۔

سعودی ولی عہد توخود کرپشن کیخلاف ہیں وہ کیسے پاکستان میں کرپٹ شخص کے حق میں ہوسکتے ہیں۔ نوازشریف اتنے اہم نہیں کہ دورہ سعودی عرب میں ان کے بارے بات ہوئی ہو۔ جولوگ کہتے ہیں عمران خان نے ڈیل کرلی ہے تووہ عمران خان کوجانتے ہی نہیں۔عمران خان نہ ڈیل کریں گے اور نہ ہی ڈھیل کریں گے۔ پاکستان کے عوام کا پیسا واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کودوبارہ اسی جگہ پہنچایا جائے گا جہاں وہ کچھ روز پہلے تھے۔

نیب آزاد ادارہ ہے ہم ان کوکنٹرول نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں سعودی عرب کا وفد پاکستان کادورہ کرے گا۔ سعودی عرب کےبزنس ہیڈزبھی پاکستان آئیں گے۔ ہرموقع پرسعودی عرب اورپاکستان اکٹھے کھڑے ہوں گے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ سعودی عرب نے یقین دلایا سعودی عرب پاکستان کےساتھ کھڑا ہے۔ کراچی میں پانی کی فراہمی کیلئے یواے ای سے بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صحافیوں کا کہنا ہے کہ گورنرہاؤس میں عام آدمی چلا گیا ہے ان سب کوبڑی تکلیف ہوئی ہے۔غریب لوگ اندر کیوں چلے گئے؟ بھئی کوڑا چلا گیا ہے توکیا ہوا صاف ہوجائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ افغانی اور بنگلادیشی لوگوں کوشہریت دینے کی بات کرو توان کوغش پڑ جاتا ہے۔ فواد چودھری نے جیل میں حنیف عباسی کی تصویر پرکہا کہ امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس پرنوٹس لیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کوسی پیک میں پارٹنرشپ کی دعوت دی ہے۔ سی پیک میں ہمارا تیسرا اتحادی سعودی عرب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایوں کوتبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ہندوستان سے بات کی ہے وہاں سے مثبت جواب آیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات