Live Updates

فواد حسن فواد نے وعدہ معاف گواہ بن کے نیب کو تمام ثبوت فراہم کر دئیے ہیں،

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا جس کے نتیجے میں ملک اور عوام کو فاقے اور دھماکے ملے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 5 اکتوبر 2018 23:50

فواد حسن فواد نے وعدہ معاف گواہ بن کے نیب کو تمام ثبوت فراہم کر دئیے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2018ء) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ فواد حسن فواد نے وعدہ معاف گواہ بن کے نیب کو تمام ثبوت فراہم کر دئیے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا جس کے نتیجے میں ملک اور عوام کو فاقے اور دھماکے ملے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کوئی چوری کرے گا، لوٹ مار کرے گا تو قانون تو حرکت میں آئے گا، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) دونوں جماعتوں نے گزشتہ 10 سال میثاق جمہوریت کے نام پر ملک و قوم کو لوٹا اور نیب سمیت ایف بی آر کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں تاکہ وہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر سکیں، پولیس کو بھی یرغمال کیے رکھا لیکن اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور وزیراعظم عمران خان ہیں‘ اس لیے نیب سمیت ایف بی آر، ایف آئی اے اور عدلیہ جیسے آزاد اداروں کے راستے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں ہونے دیں گے تاکہ وہ آزادی کے ساتھ کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کر سکیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب ہمارا راستہ آسان نہیں کر رہا بلکہ ان لوگوں کی اپنی کی ہوئی کرپشن اور بددیانتی ہمارا راستہ آسان کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے ملک و قوم کے جو کھربوں روپے لوٹے ہیں ان کا حساب بھی تو اب انہی لوگوں نے ہی دینا ہے، فواد حسن فواد نے جب نیب کو تمام ثبوت دے دئیے ہیں تو پھر انہیں ماتھے پہ تو بٹھا کے نہیں رکھا جائے گا بلکہ گرفتار ہی کیا جائے گا، جب انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے تو انہیں جمہوریت یاد آر ہی ہے اور کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے، یہ کرپٹ لوگ عوام کو بیوقوف نہ بنائیں، انہوں نے جو بویا ہے یہ وہی کاٹ رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات