آپ اپنا موبائل فون اور IMEI نمبر بلاک ہونے سے کیسے بچا سکتے ہیں؟

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ڈی آئی آر بی ایس نے شہریوں کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اکتوبر 2018 16:03

آپ اپنا موبائل فون اور IMEI نمبر بلاک ہونے سے کیسے بچا سکتے ہیں؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اکتوبر 2018ء) : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے غیر تصدیق شدہ موبائل فونز کی رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ تمام موبائل صارفین اپنے اپنے موبائل فون اور IMEI نمبر رجسٹر کروا لیں۔ اس رجسٹریشن سے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ڈی آئی آر بی ایس سسٹم (Device Identification, Registration and Blocking System) لانچ کیا ہے جس کے تحت پاکستان میں موجود غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ موبائل فونز کو بلاک کر دیا جائے گا۔

ڈی آئی آر بی ایس میں بنیادی طور پر تین اقسام ہیں۔valid IMEI کا مطلب ہے کہ آپ کے اسمارٹ فون کا IMEI جی ایس ایم سے تصدیق شدہ ہے لیکن پی ٹی اے سے نہیں۔ Invalid IMEI کا مطلب ہے کہ آپ کا اسمارٹ فون نہ تو جی ایس ایم سے تصدیق شدہ ہے اور نہ ہی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے۔

(جاری ہے)

Compliant IMEI کا مطلب ہے کہ آپ کے اسمارٹ فون کا IMEI نمبر جی ایس ایم اور پی ٹی اے دونوں سے ہی تصدیق شدہ ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ موبائل کا IMEI نمبر معلوم کرنے کا طریقہ کار کیا ہے۔ اپنے موبائل کا IMEI نمبر چیک کرنے کے لیے *#06# ڈائل کریں اور اسکرین پر لکھے نمبر کو میسج میں لکھ کر 8484 پر بھیجیں۔ اسی طرح ان نمبرز کو ویب سائٹ اور اینڈرائیڈ ایپلیکشن پر بھی چیک کیا جاسکتا ہے۔ تینوں طریقوں سے رجسٹریشن چیک کرنے پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے موبائل صارف کو جواب میں درج ذیل میں سے کوئی ایک پیغام موصول ہوگا۔

پہلا یہ کہ ''IMEI Compliant'' یعنی صارف کا موبائل نیٹ ورک سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہے، یہ موبائل بلاک نہیں ہوگا۔ دوسرا پیغام یہ موصول ہو سکتا ہے کہ ''Valid IMEI'' یعنی صارف کے موبائل کا IMEI کوڈ GSMA سے تصدیق شدہ ہے لیکن پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میں اس کا کوئی ریکارڈ نہیں لہٰذا اسے رجسٹرڈ کروائیں بصورت دیگر آپ کا موبائل فون 20 اکتوبر کے بعد قابل استعمال نہیں ہوگا۔

تیسرا پیغام یہ موصول ہو سکتا ہے کہ ''Invalid IMEI''، یعنی صارف کا موبائل GSMA اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) دونوں سے رجسٹرڈ اور منظور شدہ نہیں ہے کیونکہ آپ جعلی IMEI والا موبائل فون استعمال کررہے ہیں جو 20 اکتوبر کے بعد کالنگ کے لیے استعمال نہیں ہوگا۔ اس سارے معاملے پر آپ اُردو پوائنٹ پر موجود اس ویڈیو کو بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں:

 اپنے موبائل فون کو بلاک ہونے سے بچانے کے لیے موبائل صارفین کو چاہئیے کہ اپنے موبائل فونز کو رجسٹر کروائیں تاکہ 20 اکتوبر کے بعد ان کے موبائل فونز بلاک نہ ہوں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو پی ٹی اے کمپلائنٹ موبائل فونز استعمال کرنے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔ اپنے موبائل فون کی تصدیق کے لیے صارفین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔