تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کو تفریح بنادیا ہے کبھی بھینسیں ،کبھی گاڑیاں بیچتے ہیں تو کبھی ہیلی کاپٹر کو 55روپے میں چلاتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

فواد چوہدری کی بات کو سنجیدہ نہیں لیتے ان کو حکومت کرنا نہیں آتی عوام سے مذاق کررہے ہیں، آصف زرداری عوامی لیڈر ہیں وہ سب سے ملیں گے، مراد علی شاہ

منگل 23 اکتوبر 2018 22:55

تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کو تفریح بنادیا ہے کبھی بھینسیں ،کبھی ..
جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کو تفریح بنادیا ہے کبھی بھینسیں ،کبھی گاڑیاں بیچتے ہیں تو کبھی ہیلی کاپٹر کو 55روپے میں چلاتے ہیں، فواد چوہدری کی بات کو سنجیدہ نہیں لیتے ان کو حکومت کرنا نہیں آتی عوام سے مذاق کررہے ہیں، آصف زرداری عوامی لیڈر ہیں وہ سب سے ملیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے گاؤ ں مراد علی لاشاری میں ٹرین حادثے میں ایک ہی خاندان کے فوت ہونے والے 10افراد کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرصوبائی وزیر مکیش چاولہ، میر اعجاز حسین جکھرانی ، ڈاکٹر سہراب سرکی،میر لیاقت علی لاشاری اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ کے کہا کہ آصف علی زرداری سیاستدان ہیں وہ سیاستدانوں اور عوام سے ملتے رہے ہیں اور ملتے رہیں گے ان کی سیاست کے سب معترف ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت ملک جس شدید بحران میں تھا تو اس وقت آصف علی زرداری نے ہی پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا اور اب بھی وہ ملک میں جمہوریت کی بقا اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں فواد چوہدری آصف زرداری کو مشورے نہ دیں وہ اس وقت ان کو سلام کیا کرتے تھے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری روایات پر یقین رکھتی ہے اورہم مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کے حقوق کے لیے کردار ادا کریں گے ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے گیس ، پیٹرول، بجلی سمیت عام اشیاء خورد نوش کی قیمتوں میں بے پنا ہ اضافہ کردیا گیاہے ، تحریک انصاف حکومت نہیں عوام سے مذاق کررہے ہیں انہیں حکومت کرنا نہیں آتی کبھی بھینسیں، کبھی گاڑیاں فروخت کررہے ہیں اور کبھی ہیلی کاپٹر کو فی منٹ 55روپے میں چلا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹرین کی زد میں آکر 10افراد کی ہلاکت پر انتہائی دکھ ہے سندھ حکومت متاثرین کی مالی مدد کرے گی ٹرین حادثے پر شیخ رشید کی منطق سمجھ سے بالا تر ہے لگتا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کو پاکستان سے الگ سمجھ رہی ہے ہر واقعے کے بعد ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد کرنا غلط ہے اگر ذمہ داری ہماری ہے تو ٹرینیں بھی ہمارے حوالے کی جائیں ، وفاقی حکومت کے روز روز عجیب بیانات ہیں ۔