حکومت کا نیب افسران کوتفتیش کیلئےبلیو پاسپورٹ دینےکا فیصلہ

نیب افسران کو بیرون ملک سفر کرنے کیلئے بلیو پاسپورٹ کی منظوری دے دی ہے، نوکریوں کیلئے امتحان لینے والی سروسز کو مئوثر بنائیں گے، این ٹی ایس اور دیگر سروسز کا معیار ایک جیسا نہیں ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 25 اکتوبر 2018 19:23

حکومت کا نیب افسران کوتفتیش کیلئےبلیو پاسپورٹ دینےکا فیصلہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اکتوبر 2018ء) وفاقی حکومت نے نیب افسران کو تفتیش کیلئے بلیو پاسپورٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ نیب افسران کو بیرون ملک سفر کرنے کیلئے بلیو پاسپورٹ کی منظوری دی ہے، نوکریوں کیلئے امتحان لینے والی سروسز سے متعلق بہتر طریقہ کار بنایا جائے گا۔ این ٹی ایس اور دیگر سروسز کا معیار ایک جیسا نہیں ہے۔

انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو کھلی آفر دے دی ہے۔ کنٹینر ، کھانا اور جگہ فراہم کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ اپوزیشن کی اے پی سی کیلئے بریانی کا آرڈر دے دیا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ یہ نہ پوچھیں کہ این آر اوکون کون نہیں مانگ رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بتادیا ہے کہ پیسے لیں گے نہ کسی کو چھوڑیں گے۔

فضل الرحمن کا کردار اس وقت صرف رونے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رونا دھونا بند کرے اور پاکستانی مفاد میں متحد ہوجائے۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آج کل اپنے اکاؤنٹنٹ کے ساتھ مصروف ہوں گے۔ حساب کتاب لگا ر رہے ہوں گے کہ پاکستان کوکتنا پیسا دینا ہے؟ اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی کوخلائی مشن میں بڑی کامیابی ملی ہے۔

پاکستان کا خلائی مشن چین اور اسپارکوکے تعاون سے ہوگا۔2022ء میں پہلا خلاء نورد چین کے تعاون سے جائے گا۔ اسپیس پروگرام میں ہماری بڑی کامیابی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ سعودی عرب نے ویزہ فیس 300 ریال کردی۔ انہوں نے کہا کہ نوکریوں کیلئے امتحان لینے والی سروسز سے متعلق بہتر طریقہ کار بنایا جائے گا۔ این ٹی ایس اور دیگر سروسز کا معیار ایک جیسا نہیں ہے۔

نیب افسران کو بیرون ملک سفر کرنے کیلئے بلیو پاسپورٹ کی منظوری دی ہے۔ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاکہ ملک میں نیپرا بجلی کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔ نیپرا بجلی کی قیمتوں ، اخراجات کا جائزہ لیتا ہے ، پھر وہ حکومت کو بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا سفارش کرتا ہے۔نیپرا نے 3 روپے 82 پیسے بجلی کی فی یونٹ قیمت بڑھانے کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ تمام فیصلے تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے فیصلے تھے۔انہوں نے کہا کہ کل ای سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے بجلی کی قیمتوں میں 3روپے 82 پیسے کی بجائے 1روپے 27 پیسے اضافے کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70فیصد ایسے لوگ ہیں جن کیلئے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

اسی طرح 300 سے 700 کے درمیان 10فیصداضافہ کیا گیا ہے۔اور 700سے اوپر والوں کی قیمتوں میں 15فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ چھوٹے کاروباری لوگوں کیلئے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ ان میں 95 فیصد صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ صرف 78 پیسے اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے توانائی کے شعبے میں 455 ارب کے خسارے کو کم کرنا ہے۔

ہم نے خسارے کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہیں۔ ہم نے کسان ، تجارت اور صنعت کو مضبوط کرنا ہے۔ اپنی ایکسپورٹ بڑھانی ہے ، قرضوں میں اضافہ نہیں کرنا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ عوام میں بوجھ ڈالنے کا فیصلہ ایک منٹ میں ہوسکتا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ خسارے کو کم کرنے کیلئے مہنگائی کا بوجھ نچلے طبقے پر نہ پڑے۔انہوں نے کہا کہ مزید قرضے نہیں لیے جائیں گے۔آئی ایم ایف کے پاس آخری بار جائیں گے۔اس موقع پرمشیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔ کنڈا کلچر ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ہرٹرانسفامر پر ایک میٹر نصب ہوگا جوجعلی کنکشن کی نشاندہی کرے گا۔لائن لاسز کو کم کرنے کیلئے نئی بجلی کی لائینیں اور کیبلز لگائیں گے۔