Live Updates

نیب کو سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیاہے، حکومت رٹ قائم نہیں رکھ سکتی تو نیا پاکستان کیوں بنایا تھا ،بلاول بھٹو زرداری

گورنر راج جیسی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتے، دھمکیاں وہ دیتے ہیں جو خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں،پیپلز پارٹی سندھ میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت لیکر آئی، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی کی، پیٹرول، گیس کھانے کی اشیاء تک مہنگی کر دی گئی ہیں، چیئرمین پیپلز پارٹی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 7 نومبر 2018 21:59

نیب کو سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیاہے، حکومت رٹ قائم نہیں رکھ سکتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیب کو سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیاہے، حکومت رٹ قائم نہیں رکھ سکتی تو نیا پاکستان کیوں بنایا تھا ،گورنر راج جیسی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتے، دھمکیاں وہ دیتے ہیں جو خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں،پیپلز پارٹی سندھ میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت لیکر آئی ہے، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی کی، پیٹرول، گیس کھانے کی اشیاء تک مہنگی کر دی گئی ہیں۔

بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب کو سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیاہے، حکومت رٹ قائم نہیں رکھ سکتی تو نیا پاکستان کیوں بنایا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 100دنوں کے وعدے پورے کرنے میں کامیاب ہوتی نظرنہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورنر راج جیسی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتے، دھمکیاں وہ دیتے ہیں جو خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت لے کر آئی، ہم عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کا وزیر اعلیٰ انتہائی کمزور ہے اور مرکزی حکومت چند ووٹوں کے فرق سے بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ و ہ کشکول توڑیں گے، خود کشی کر لیں گے لیکن قرض نہیں لیںگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، ان کی خارجہ پالیسی بھیک مانگنے کی پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی پیکیج کی تفصیلات سے عوام کو آگاہ نہیں کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں افراط زر تیزی سے بڑھ رہا ہے، معیشت اور خارجہ پالیسی پر کوئی جواب نہیں دیا جاتا، اندرونی سیکیورٹی صورتحال پر یوٹرن کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے گلگت بلتستان اور کشمیر کا بجٹ کم کیا، 100 دن مکمل ہونے والے ہیں، پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ کیا ہوا ہے، پیپلزپارٹی کا جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کیلئے بل موجود ہے، میں نے تو کہا تھا کہ پی ٹی آئی پیپلزپارٹی کے جنوبی پنجاب صوبہ بل پر اپنا نام لکھ کر پیش کردے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بل کی میری پیشکش پرحکومت نے کوئی جواب نہیں دیا، اگر 100 دنوں میں حکومت نے جنوبی پنجاب صوبہ بنایا یا سنجیدہ قدم اٹھایا تو تعریف کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم معیشت پر بات کرنا چاہتے تھے مگر حکومت اب تک اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکی، موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی کی، پیٹرول، گیس کھانے کی اشیاء تک مہنگی کر دی گئی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات