انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی اور قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کی ضمانت پر رہائی کی منظوری دیدی

پیر 12 نومبر 2018 13:56

ڈی آئی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) انسداد دہشت گردی عدالت ڈیرہ نے قتل اور دہشت گردی کے دو مختلف مقدمات میں ملوث ملزم ثنار حسین عرف ثانی کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے، دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ملزم کی جانب سے سیف الرحمٰن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔

استغاثہ کے مطابق 2009ء کے دوران فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں تھانہ صدر کی حدود گریڈ روڈ نیازی چوک کے قریب کار میں سوار محکمہ زراعت کے ریسرچ آفسیر اقبال احمد پر نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وہ اور ان کا ڈرائیور نجیب اللہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔دوسرے مقدمہ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ چشمہ روڈ مندھراں کلا ں کے قریب موٹرسائیکل پر سوار عجب خان ولد محمد جان سکنہ بڈھانی اور اس کے دوست اکبر اللہ ولد عبدالقادر قوم میانی پر فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا ۔

(جاری ہے)

نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہونے پر دوران تفتیش سی ٹی ڈی پولیس نے ملزم نثار حسین عرف ثانی ولد غلام محمد بلوچ سکنہ محلہ حیدر شاہ سٹی ڈیرہ کو دونوں مقدمات میں نامزد کرکے گرفتار کرلیا۔عدالت نے دونوں مقدمات میں ملزم کی ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر بحث مکمل کرکے اسے دونوں مقدمات میں ایک لاکھ روپے ،دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔