Live Updates

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے ریلوے کالونیوں میں بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو صفائی کے احکامات جاری

کسی جگہ کوڑا کرکٹ برداشت نہیں کروں گا ، دفتری کارروائیوں میں الجھنے کی بجائے صفائی چاہئے‘ کپتان عمران خان ہیں جہاں مناسب سمجھیں کھلاڑیوں کو پوزیشن دیتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

پیر 12 نومبر 2018 22:22

سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے ریلوے کالونیوں میں بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ..
لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ریلوے کالونی کے علاقوں میں بھی سالڈویسٹ مینجمنٹ کو صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفتری کاروائیوں میں نہ الجھیں بلکہ عملی طور پر صفائی ستھرائی کا کام روزانہ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ کسی جگہ بھی کوڑا کرکٹ برداشت نہیں کروں گا، افسران کو ضروری ہدایات دی جا چکی ہیں اب عملی کام کرنے کا وقت شروع ہو چکا ہے، ان خیالات کا اظہار عبدالعلیم خان نے مغلپورہ میں صفائی ستھرائی کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ صرف لاہور شہرکیلئے سوا ارب روپے ماہانہ کے اخراجات کے بعد صفائی کی شکایات قابل برداشت نہیں ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کی کمپنیوں کو اپنے فرائض پورے کرنے ہوں گے اور صرف بڑی سڑکوں کو دھونے اور روٹین کی صفائی سے کام نہیں چلے گا اور محلوں اور چوراہوں میں بھی کام کر کے دکھانا ہوگا ، سینئر وزیر نے پی ایچ اے کو مغلپورہ روڈ پر پارک کی تزئین و آرائش کا بھی حکم دیا تاکہ وہاں کے بچوں کو تفریح کے مواقع مل سکیں ،تجاوزات کے بارے میں ایک سوال پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ میڈیا نشاندہی کرے کہیں بھی دوبارہ ناجائز عمارات بنیں تو سخت ایکشن لیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات شہری اداروں کے حوالے سے ٹھوس میکنزم بنا رہا ہے اور آنے والے دنوںمیں زیادہ بہتر نتائج سامنے آئیں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین سمیت تمام ادھورے منصوبوں کو مکمل کریں گے تختیاں لیگیوں کی رہیں گی لیکن کام ہماری نگرانی میں ہوگا ،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی طرح وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور میاں میر ہسپتال کو اس لئے ادھورا نہیں چھوڑیں گے کہ اُن کا افتتاح کسی اور نے کیا تھا ، سیاسی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ چوہدری پرویز الہی بڑی شخصیت کے مالک ہیں اور بطور اتحادی اُن کے تحفظات دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے اس حوالے سے قیاس آرائیاں درست نہیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارے کپتان عمران خان ہیں وہ جہاں چاہیں جس کھلاڑی کو جو پوزیشن دیں وہیں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خصوصیت یہ ہے کہ وزراء با اختیار ہیں اور سابقہ دور کی طرح ون مین شو نہیں ہو رہا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کے پاس اپنی کرپشن پر شور و غوغا کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں ،انہوں نے کہا کہ ہماری فکر کرنے کی بجائے لوٹ مار کرنے والوں کو جیل یاتراکی تیاری کرنی چاہئے، دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب کے ترجمان نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ مار اور کرپشن کرنے والوں کی وکالت کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے، زبیر صاحب پہلے یہ بتائیں کہ انہیں کونسی خدمات کے سلسلے میں گورنر بنایا گیا تھا اور عبدالعلیم خان پر الزامات لگانے سے اُن کا سیاسی قد کسی طور بلند نہیں ہو سکتا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات