Live Updates

دورہ چین کی تفصیلات نہ بتانے پروزیراعظم کی عجیب منطق

چین سے ملنے والا پیکج لیک ہوگیا تودوسرے ممالک بھی ایسا پیکج مانگیں گے، چین سے ہر قسم کی امداد مل رہی ہے، ماضی میں کسی لیڈر کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا۔وزیراعظم عمران خان کی سینئر صحافیوں سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 نومبر 2018 15:30

دورہ چین کی تفصیلات نہ بتانے پروزیراعظم کی عجیب منطق
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 نومبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کی تفصیلات سامنے نہ لانے کی عجیب منطق پیش کردی۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ہر قسم کی امداد مل رہی ہے، چین سے ملنے والا پیکج لیک ہوگیا تودوسرے ممالک بھی ایسا پیکج مانگیں گے، ماضی میں کسی لیڈر کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا۔ انہوں نے آج یہاں سینئر صحافیوں کی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں پاکستانیوں کے 15ارب ڈالر کا سراغ لگا لیا ہے۔

جب سے لوٹی دولت کا سراغ ملا ہے تب سے اپوزیشن کی تنقید بڑھ گئی ہے۔ منی لانڈرنگ کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے۔ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کیلئے کام جاری ہے۔ لوٹی دولت کی واپسی کیلئے مختلف ممالک سے معاہدے کررہے ہیں۔ برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ سے معاہدہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

نیب چھوٹے مقدمات میں الجھ گیا ہے۔ جس سے نیب کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے۔

احتساب قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یوٹرن کے سوال پر کہا کہ نوازشریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں لیا بلکہ جھوٹ بولا۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔ نپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہ لے کرتاریخی شکست کھائی۔ حالات کے مطابق یوٹرن نہ لینے والا کبھی اچھا لیڈر نہیں بن سکتا۔ جو یوٹرن لینا نہ جانتا ہوں اس سے بڑا بیوقوف کوئی نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کرپشن کیسز کا سامنا کرنے والے چیئرمین پی اے سی نہیں بن سکتے۔ شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا ملک سے مذاق ہوگا۔ شہبازشریف کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ چین سے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت ہر قسم کی امداد مل رہی ہے دورہ چین سے مطمئن ہیں۔ دورہ چین کی تفصیلات سامنے نہیں لا سکتے۔ چین سے ملنے والا پیکج لیک ہوگیا تودوسرے ممالک بھی ایسا پیکج مانگیں گے۔ ماضی میں کسی لیڈر کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا۔ اس دورے کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات