پارٹی کا 51 واں یوم تاسیس بھرپور جوش سے منایا جائیگا: بلاول بھٹو زرداری

شہید بھٹو نے بائیں بازو، پسماندہ، مظلوم اور محنت کش طبقات کی پارٹی بنائی۔پارٹی نے عوام میں شعور بیدار کیا، بلاول بھٹوزرداری

ہفتہ 24 نومبر 2018 20:21

پارٹی کا 51 واں یوم تاسیس بھرپور جوش سے منایا جائیگا: بلاول بھٹو زرداری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹیکے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پارٹی کا 51 واں یوم تاسیس بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ہفتہ کوبلاول ہائوس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کی صدارت میں اجلاس ہوا۔بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نظریے و فلسفہ سے تجدید عہد نو کیا جائے گا، جس کے لیے پارٹی قیادت نے قیمتی جانیں قربان کردیں۔

انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو نے بائیں بازو، پسماندہ، مظلوم اور محنت کش طبقات کی پارٹی بنائی۔پارٹی نے عوام میں شعور بیدار کیا اور ان کو اپنے بنیادی حقوق کی جدوجہد کے لیے تیار کیا۔ جدوجہد کے دوران پارٹی کے ہزاروں کارکنان نے بڑی بہادری سے جام شہادت نوش کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری پارٹی نے جمہوریت و انسانی حقوق کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور جانوں کی قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کو تختہ دار پر لٹکایا گیا اور شہید بی بی کو قتل کردیا گیا۔اجلاس میں پارٹی چیئرمین کو یوم تاسیس کے موقعے پر سکھر میں مجوزہ جلسے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جلسے میں ملک بھر سے قافلے شرکت کریں گے۔اجلاس میں یوم تاسیس کمیٹی کے ممبران سید قائم علی شاہ، نثار احمد کھوڑو اور وزیراعلی مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ دیگر پارٹی ممبران وقار مہدی، منظور وسان، اسلام الدین شیخ، نعمان اسلام الدین، اعجاز جکھرانی، مکیش چاولہ، سعید غنی، مرتضی وہاب، عاجز دھامراہ اور فرخ شاہ بھی وہاں موجود تھے۔