پمز میں ٹرانس جینڈر وارڈ کے قیام پر حکومت کے شکر گزار ہیں، جنت علی

پیر 3 دسمبر 2018 12:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے وی آئی پی وارڈ میں ٹرانس جینڈر وارڈ کا قیام موجودہ حکومت کا احسن اقدام ہے، معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ خواجہ سرائوں کو بھی اب صحت کی معیاری سہولیات میسر آسکیں گی۔ پمز ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ پمز میں موجودہ حکومت نے معاشرے کے نظرانداز شدہ طبقہ خواجہ سرائوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے پمز کے وی آئی پی وارڈ میں 2 کمروں پر مشتمل ٹرانس جینڈر وارڈ قائم کردیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ مذکورہ وارڈ میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز سمیت تمام ضروری عملہ ہمہ وقت موجود رہے گا اور کسی بھی خواجہ سراء کے علاج معالجہ کے لئے جو بھی سہولت درکار ہو گا فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ٹرانس جینڈر سوشل ایکٹیوسٹ جنت علی نے موجودہ حکومت کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارکسی نے ہماری کمیونٹی کے بارے میں سوچا اور ہم اس مثبت اقدام پر حکومت کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تمام کمیونٹیز کو اس حوالے سے مل کر ساتھ چلنا ہو گا تاکہ ہم معاشرے میں وہ مقام حاصل کر سکیں جو ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کمیونٹی کے لئے کئی بڑے اقدام ہو چکے ہیں جن میں شناختی کارڈ کا حصول، ڈرائیونگ لائسنس اور ہسپتالوں میں الگ وارڈ کا قیام شامل ہیں اور یہ ان کی بھر پور محنت اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب ہمارے معاشرے میں لوگوں کی سوچ کا بدلنا خوش آئند ہے۔

متعلقہ عنوان :