پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے نہایت سازگار ماحول اور پرکشش مواقع موجود ہیں ،ْ صدر مملکت عارف علوی

پیر 3 دسمبر 2018 20:05

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے نہایت سازگار ماحول اور پرکشش مواقع موجود ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے نہایت سازگار ماحول اور پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے دنیا بھر بالخصوص ترکی سے سرمایہ کاروں کو استفادہ کرنا چاہئے۔ وہ پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے جنہوں نے پیر کی صبح یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ان کی یہ ملاقات بنیادی طور پر رواں سال اکتوبر میں صدر مملکت کے دورہ ترکی کا فالو اپ تھی۔ صدر نے کہا کہ ترک کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان باہمی طور پر مفید گہرے اور تاریخی تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر کے حالیہ دورہ ترکی کے نتیجہ میں باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور مستقبل قریب میں مزید اعلیٰ سطح کے رابطے بھی ہوں گے۔