سندھ حکومت ملازمتوں کو مستقل کروانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے گی،حبیب الدین جنیدی

پیر 3 دسمبر 2018 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) پیپلز لیبر بیورو (سندھ) آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی اور ارکان لعل بخش کلہوڑو،رحمت اللہ سرکی،شمشاد قریشی،اسلم سمّوں،مولاداد لغاری،جاوید منگی،فیاض شاہ،اعجاز بلوچ اور زبیر خان نے ایک مشترکہ بیان میںمورخہ 06دسمبر 2018کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ(K.W.S.B) میں اجتماعی سودے کار یونین کے انتخاب کے لئے ہونے والے ریفرنڈم میں پیپلز لیبر یونین (انتخابی نشان ’’ گلاب کاپھول‘‘) کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے محنت کشوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا ووٹ پیپلز لیبر یونین کے حق میں استعمال کریں کیونکہ لیبر یونین ہی اُن کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور اُن کے مفادات کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی بھر پورصلاحیت رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے محنت کشوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی شبانہ روز محنت سے عروس البلادکراچی کے شہریوں کی حتی الوسع خدمت کی اور یہی وجہ ہے کہ ماضی کی حکومتوں کے شدید دباؤ اور بد انتظامیوں کے باوجود ادارہ آج بھی مستحکم صورتحال میں موجود ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں یوٹیلیٹی سروسز کے ادارے سرکاری تحویل میں ہوتے ہیں اور یہ حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت ان اداروں کو کنٹرول کرے مگر بد قسمتی سے بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کے حامی ایک سازش کے تحت اس ادارہ کو پرائیویٹائز کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کی پاکستان پیپلز پارٹی کسی حال میں اجازت نہیں دے گی بلکہ ایسے منصوبوںکا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

بیان میں مزدور رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز لیبر یونین نوجوان قائد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مدّبرانہ وژن کے مطابق محنت کشوں کی محرومیوں کا خاتمہ ،اُن کی تنخواہوں ،الاؤنسز اور دیگر سہولیات میں اضافہ،ملازمین کے زیر کفالت بچوں کے لئے روزگار کے دروازے کھلوائے گی اور طویل عرصہ سے غیر مستقل ملازمین کی ملازمتوں کو مستقل کروانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے گی۔

مشترکہ بیان میں پیپلز لیبر یونین کے صدر لیاقت علی خان مگسی،جنرل سیکرٹری سیّد محسن رضااور چیئرمین گل حمید میمن کی محنت کشوں کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا گیا ہے کہ ریفرنڈم میں کامیابی کے بعدپیپلز لیبر یونین اُن کی قیادت میں مزدوروں کے روزگار کے تحفظ اور ڈاؤن سائزنگ کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی ۔