Live Updates

گجرات کی رہائشی خاتون کا حکومت اور چیف جسٹس سے اپنے بیٹے کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

پیر 3 دسمبر 2018 22:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) گجرات کی رہائشی خاتون روحی افزا بی بی نے حکومت اورچیف جسٹس آف پاکستان سے اپنے بیٹے کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا بیٹا امریکہ میں اپنا کاروبار کرتا تھا جو اپنی شادی کی غرض سے پاکستان آیا ہوا تھا کہ شادی کے 28روز بعد اپنے رشتہ داروںکے ولیمہ سے واپسی پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

پیرکو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پولیس نے دوران تفتیش میرے بیٹے نوید نسیم کے قاتلوں کو فائدہ پہنچایا ہے جس کی وجہ سے وہ سر عام گھوم رہے ہیں، انھیںفی الفور گرفتارکر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پانچ سال سے انصاف کی منتظر ہوں، ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے مطالبہ کیا کہ اس کے بیٹے کے قاتلوں کی گرفتار ی میں مدد کریں اور انصاف دلائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات