انڈسٹریل اسٹیٹ روات میں 200یونٹس کام کررہے ہیں ،بدر ہارون

پیر 3 دسمبر 2018 23:45

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹ روات میں ماڈل ڈسپنسری قائم کی جائے گی تاکہ صنعتی کارکنوں کو علاج معالجے کے لیے بہتر سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکیں ۔ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور نجی شعبے کو آگے لانے میں آ ر سی سی آئی کا کردار نمایاں ہے۔ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ادارے کے قیام کا مقصد کارکنوں کی فلاح و بہبود اور اُن کے مفادات کا تحفظ کرناہے نجی شعبے میں صنعتی اور کمرشل کارکنوں کو مختلف سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارکمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ (PESSI)ثاقب منان نے راولپنڈی انڈسٹریل اسٹیٹ روات کے دورکے موقع پرکیا۔ اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر محمد بدر ہارون نے کمشنر PESSIکو انڈسٹریل سٹیٹ میں چلنے والے کارخانوں، فیکٹریوں اور انفراسٹرکچر پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمشنر کو بتایا کہ دوسو یونٹس کام کر رہے ہیں جس میں زیادہ تر فارما سیوٹیکل، پلاسٹک، مشینری اور انجنیرنگ سے متعلقہ ہیں ۔

مزید ڈیڑھ سو یونٹس پائپ لائن میں ہیں ۔ کمشنر ثاقب منان نے بعد میں مختلف یونٹس کا دورہ بھی کیا ۔ روات انڈسٹریل سٹیٹ کے بورڈ کے چیئرمین اور سابق صدر آر سی سی آئی نجم ریحان نے ڈسپنسری کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی اہم ضرورت تھی ۔ مقامی ورکرز کو علاج معالجے کے لیے دور جانا پڑتا تھا ۔ڈسپنسری کے لیے جگہ کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے امید ہے یہ منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر نائب صدر فیاض قریشی،مجلس عاملہ کے رکن اسلم نقاش،فیکٹری مالکان اور ورکرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔