کراچی، مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس کی کارروائیاں، 21 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

منگل 11 دسمبر 2018 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) شہرقائد میں پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میںکارروائیوں کے دوران21ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد ہواہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے بفر زون سے پانچ کرمنلزکو گرفتار کیا، گرفتار ملزمان سے پانچ پستول، مسروقہ موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہواہے۔

پولیس حکام کے مطابق گارڈن میں گٹکا فیکٹری پر چھاپے کے دوران تین ملزمان دھرلیے گئے، بغدادی میں پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور بم بھی برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق ماڈل کالونی سے منشیات فروشی میں ملوث ایک ملزم گرفتار ہوا، جبکہ سعود آباد پولیس نے گٹکا ماوا کی فروخت میں ملوث دو ملزمان گرفتار کیئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کورنگی سے گٹکا، ماوا اور شراب کی سپلائی میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے بڑی مقدار میں گٹکا ماوا برآمد ہوا، نورانی بستی چکرا گوٹھ سے اسٹریٹ کرمنل گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔عزیز آباد پولیس نے بلاک ون میں کارروائی کرکے دو ملزمان گرفتار کیئے، ملزموں میں اسٹریٹ کریمنل بھی شامل ہیں، اسٹریٹ کریمنل سے اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد کیا۔