کراچی،محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی

ضلع جنوبی کے علاقے کھوڑی گارڈن ، پلاسٹک مارکیٹ ،ڈینسو ہال اور شیریں جناح کالونی میں فٹ پاتھوں اور نالوں سے مختلف اقسام کے تجاوزات اور پارک میں قائم بس اڈے مسمار

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے جمعرات کو بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی، ضلع جنوبی کے علاقے کھوڑی گارڈن ، پلاسٹک مارکیٹ ،ڈینسو ہال اور شیریں جناح کالونی میں فٹ پاتھوں اور نالوں پر سے مختلف اقسام کے تجاوزات اور پارک میں قائم بس اڈے کو مسمار کردیا گیا، ادھر دوسری جانب ضلع شرقی کے علاقے جمشید ٹائون نشتر روڈ پر گارڈن سگنل سے لسبیلہ چورنگی تک موجود تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی اور بھاری مشینری کے ہمراہ تجاوزات کو صاف کیا گیا، کھوڑی گارڈن اور ڈینسو ہال کے مختلف علاقوں میں اس سے قبل بھی تجاوزات صاف کئے گئے تھے مگر بعض دکانداروں نے دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی جنہیں محکمہ انسدادتجاوزات نے فوری طور پر دوبارہ صاف کردیا اور انہیں تنبیہ کی کہ وہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں، انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاتعطل اور بلاامتیاز جاری ہے، جمعرات کو شیریں جناح کالونی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران شیریں جناح کالونی میں آئل ٹرمینل کے مقام سے تجاوزات صاف کرنا شروع کئے گئے اس موقع پر فٹ پاتھیں اور نالوں پر بنی ہوئی کچی دکانوں سمیت دیگر تجاوزات کو صاف کو بھی صاف کیا گیا جبکہ بس نمبر 20 کے آخری اسٹاپ جو ایک پارک کی زمین پر قائم تھا اسے واگزار کرالیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ انسداد تجاوزات کارروائی آئل ٹرمینل سے شروع کی گئی جو ضیاء الدین چورنگی تک جاری رہی، گرین بیلٹ پر بعض بھاری مشینریاں اور دیگر سامان موجود ہونے کی وجہ سے ان کے مالکان کی درخواست پر انہیں کچھ وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے سامان کو محفوظ طریقے سے وہاں سے منتقل کردیں ،دی گئی مہلت گزرجانے کے بعد گرین بیلٹ پر اگر تجاوزات پائے گئے تو انہیں بھی فوری صاف کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ دکانداروں اور کاروبار ی حضرات کو یہ بات یقینی بنانی چاہئے کہ ان کی دکانیں فٹ پاتھوں ، نالوں اور پارکوں میں بنی ہوئی نہ ہوں اور نہ ہی ان کی دکانوں کے حصے فٹ پاتھوں پر آگے تک نکل آئے ہوں جبکہ بعض دکانداروں نے اپنی دکانوں کے سامنے فٹ پاتھوں کے درمیان میں اپنی دکانوں کے تشہیری /رہنمائی سائن بورڈز آویزاں کر رکھے ہیں جنہیں وہ فوری طور پر ہٹا لیں، اس طرح کسی کو بھی فٹ پاتھوں پر بورڈز آویزاں کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، فٹ پاتھیں عوام کے چلنے کے لئے ہیں لہٰذا انہیں کشادہ اور وسیع ہونا چاہئے، مہذب معاشروں میں فٹ پاتھوں پر دکانیں نہیں بنائی جاتیں بلکہ دکانیں اپنی مقررہ حد تک ہی رہتی ہیں، واضح رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر جاری انسداد تجاوزات کارروائی کی سربراہی محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کر رہے ہیں جبکہ جمعرات کو ضلع جنوبی میں کھوڑی گارڈن ، ڈینسو ہال اور شیریں جناح کالونی کے مقام پر ہونے والی کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹرز افتخار صدیقی، آصف جیٹھا، نعمان احمد اور فیصل میندھرو اور ضلع شرقی میں نشتر روڈ پر ہونے والی کارروائی کو ڈپٹی ڈائریکٹر امین لاکھانی نے اپنی موجودگی میں محکمہ جاتی ٹیم کے ہمراہ مکمل کرایا جس میں انہیں ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور رینجرز کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔

#