بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کے اراکین و افسران کے لئے پورٹ ٹرسٹ کے مطالعاتی دورے کا اہتمام

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کے اراکین و افسران کے لئے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ (CIIM )کے زیر اہتمام کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطالعاتی دورے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر کے پی ٹی راشد اکرام، ڈپٹی ہاربر ماسٹر کیپٹن حسن آفاق، انچارج میرین پولیوشن ڈپارٹمنٹ ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور ڈائریکٹر CIIM محمد شاہد بھی موجود تھے، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے صدر دفتر پہنچنے پر کے ایم سی کے وفد کو کے پی ٹی صدر دفتر میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تاریخ ، محل وقوع ، کارگو ہینڈلنگ دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ کے پی ٹی کا قیام 1887 ء میں عمل آیا اور اس وقت ملک کی 60 فیصد تجارت کراچی پورٹ کے ذریعے ہوتی ہے جس کا دائرہ عمل ساحل سمندر پر وسیع رقبے پر محیط ہے، ساحل سمندر کو آلودگی سے بچانے کے لئے کے پی ٹی کے تحت میرین پولیوشن کنٹرول ڈپارٹمنٹ کام کر رہا ہے جو روزمرہ کی بنیاد پر سمندر سے کچرا اور دیگر فضلہ صاف کرتا ہے تاہم ساحلی پٹی پر مسلسل سمندر میں کچرا پھینکے جانے کی وجہ سے صورتحال تسلی بخش نہیں، اس کے علاوہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زمین پر تجاوزات بھی قائم ہیں جس کے باعث مسائل کا سامنا ہے ، بریفنگ کے دوران کے ایم سی کونسل کے ارکان نے ساحلی علاقوں کی موجودہ صورتحال اور دیگر مسائل کے حوالے سے مختلف سوالات کئے جن کے جوابات ایگزیکٹو انجینئر کے پی ٹی اور انچارج میرین پولیوشن ڈپارٹمنٹ نے فراہم کئے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر ضلعی بلدیات ساحلی علاقوں کو صاف رکھنے میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی معاونت کرسکتی ہے جس کے لئے خاص طور پر ساحلی علاقوں میں رہائش پذیر آبادی میں یہ شعور اجاگر کرنا ہوگا کہ سمند ر میں کچرا ڈالنے سے گریز کریں، اس کے علاوہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے جس کے لئے S-III کے منصوبے پر کام تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، اس موقع پر مختلف یوسی چیئرمینز نے کے پی ٹی حکام کو یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی بہتری کے لئے کے پی ٹی کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہے ، انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کے ایم سی کونسل کے ارکان کے لئے اس مطالعاتی دورے کا انتظام کیا اور کے پی ٹی کے حوالے سے مفید معلومات مہیا کیں جو کراچی کے مختلف علاقوں میں عوامی نمائندے کی حیثیت سے کردار ادا کرنے میں ان کے لئے مفید ثابت ہوں گی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد نے کہا ہے کہ ساحلی علاقوں کو آلودگی سے محفوظ رکھنے اور آلودگی کی وجہ سے سمندری حیات کو لاحق خطرات اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے متعلقہ شہری اداروں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اگرچہ کے ایم سی کی ذمہ داری نہیں تاہم شہر کا مرکزی بلدیاتی اداروں ہونے کے ناطے جو بھی تعاون ممکن ہوا فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی ایک پورٹ سٹی ہے اور اس کی اہمیت پورے خطے میں تسلیم کی جاتی ہے لہٰذا کراچی پورٹ کو زیادہ سے زیادہ ترقی دینی چاہئے تاکہ ملکی معیشت کو اس سے فائدہ پہنچے اور ہمارا ملک ترقی کرے، آخر میں کے پی ٹی کی طرف سے راشد اکرام نے کے ایم سی کونسل کے وفد کو شیلڈ پیش کی جبکہ کے ایم سی کی جانب سے انہیں یادگاری نشان پیش کیا گیا، بعدازاں یوسی چیئرمینز کے وفد کو بذریعہ فیری بوٹ سمندر کا دورہ کرایا گیا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے کنٹینرزٹرمینل، مال برادر جہازوں کی نقل و حرکت اور دیگر طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں، کے ایم سی کونسل کے ارکان نے اس دورے کو انتہائی مفید اور معلوماتی قرار دیا جس کا اہتمام بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ نے کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ان کے لئے اس قسم کے مطالعاتی دوروں کا انتظام کیا جائے گا جس سے انہیں اپنے فرائض منصبی زیادہ بہتر طریقے سے انجام دینے میں مدد ملے گی۔

#