سکیورٹی فورسز کی شہادتیں اور قربانیاں وطن عزیز پاکستان کے لیے سرمایہ ہیں ، صدر سکھر اسمال ٹریڈرز

بدھ 30 جنوری 2019 19:18

سکھر۔30جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2019ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ لورالائی میں ڈی آئی جی آفس پر خودکش حملہ قابل مذمت ہے، دہشتگرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔ سکیورٹی فورسز کی شہادتیں اور قربانیاں وطن عزیز پاکستان کے لیے سرمایہ ہیں اور انہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنے آج کو قربان کر کے ہمارے کل کو روشن کیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے دفتر گولڈ سینٹر میں تاجروں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، شکیل قریشی، عبدالقادر شیوانی، زبیر قریشی، رئیس قریشی، شریف ڈاڈا، بابو فاروقی، ظہیر بھٹی، عبدالباری انصاری، محمد منیر میمن، سید محمد شاہ، معراج وارثی،بابو عبدالکریم، ڈاکٹر سعید اعوان، صداقت خان، بابا جھنڈے شاہ، ذاکر خان،فخرالدین عباسی، ذاکر بندھانی،لالہ یاسر، شبیر میمن و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

حاجی محمد جاوید میمن اور دیگر کا کہنا تھا کہ دہشگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی دین مذہب نہیں ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس خود کش دھماکے میں ملوث سہولت کاروں سمیت دیگر ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں ، ہم پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج پاکستان کے امن کو بحال کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔اس موقع پر شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور زخمیوں کیلئے صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔