Live Updates

حکمران قومی اسمبلی اور حکومتی معاملات چلانے کی اہل نہیں،آفتاب شیرپائو

حکومت کاقومی اسمبلی پبلک اکائونٹ کمیٹی کے چیئرمین شہباز شریف کے کردار کو متنازعہ بنانامقصود ہے

ہفتہ 2 فروری 2019 18:37

حکمران قومی اسمبلی اور حکومتی معاملات چلانے کی اہل نہیں،آفتاب شیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے قومی اسمبلی میں دوسری پبلک اکائونٹ کمیٹی بنانے کے مجوزہ منصوبے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس اقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ہفتہ کو وطن کور پشاور سے جاری ہونے اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک میں جمہوری عمل اور قومی اسمبلی کے اندر ماحول خراب ہونیکا خدشہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکمران قومی اسمبلی اور حکومتی معاملات چلانے کی اہل نہیں جس کا ثبوت متعدد معاملات میں تعطل ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت حزب اختلاف کو تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس قسم کے فیصلوں سے حکمرانوں کی نااہلی ثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کاقومی اسمبلی پبلک اکائونٹ کمیٹی کے چیئرمین شہباز شریف کے کردار کو متنازعہ بنانامقصود ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی چھ ماہ کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے آفتاب شیرپائو نے کہا کہ حکومت نے عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ غربت،مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے جبکہ حکمران آئے روز نت نئے تجربات کرکے لوگوں کی معاشی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کا ذریعہ تھا نہ کہ عوام کی خدمت۔انھوں نے کہا کہ عوام چھ مہینوں کے اندر ہی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے بد ظن ہو چکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مدینہ طرز کی ریاست بنانے کے دعوے کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو مزید قرضوں اور مہنگائی کے تحفے دیئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات