سعودی مہمانوں کے لئے کرائے پر حاصل کی گئیں گاڑیاں اسلام آباد کے ہوٹل میں پارک

آڈی گاڑی کا دو روز کا کرایہ دو لاکھ روپے ہو گا۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 فروری 2019 16:16

سعودی مہمانوں کے لئے کرائے پر حاصل کی گئیں گاڑیاں اسلام آباد کے ہوٹل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دو روز دورہ پاکستان کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے استقبال کے شایان شان تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے وفد کے لئے 300 کے قریب لگژری گاڑیاں حاصل کی گئیں ہیں ۔ سعودی مہمانوں کے لئے کرائے پر حاصل کی گئی گاڑیاں اسلام آباد کے ہوٹل میں پارک کر دی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کے پارک میں پارک کی جانے والی آڈی گاڑی کا دو روز کے لیے فی گاڑی کرایہ دو لاکھ روپے ہو گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کا ”وزیراعظم ہاؤس“ عارضی طور پر ہی سہی مگر ایک بار پھر آباد ہونے جا رہا ہے۔ لیکن اس کے مکین خود وزیراعظم نہیں بلکہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے ساتھ آنے والے مہمان ہوں گے۔

(جاری ہے)

جن میں سے کچھ تو اب ’وزیراعظم‘ ہاؤس میں قیام بھی کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز موصول ہونے والی خبر کے مطابق سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کے پیش نظر ان کے لیے 300 پراڈو گاڑیوں کا انتظام مکمل کر لیا گیا اور یہ گاڑیاں سعودی عرب سے منگوائی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ناقدین نے اپنی توپوں کا رخ حکومت کی جانب موڑ لیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جب حکومت نے کفایت شعاری اور سادگی مہم کے تحت وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیاں نیلام کی تھیں تب حکومت کو سوچنا چاہئیے تھاکہ سعودی ولی عہد جیسے شاہی مہمان کس میں سفر کیا کریں گے لیکن حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نا تجربہ کاری کی وجہ سے ہی حکومت کو نقصان اُٹھانا پڑے گا۔

حکومت نے نیلامی کے اتنے پیسے حاصل نہیں کیے ہوں گے جتنے انہیں گاڑیوں کے کرایوں کی مد میں دینا پڑیں گے۔اس حوالے سے آج صبح مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے بھی حکومت کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی رینٹل سروس سے تین دن کا رینٹل بل ادا کیا ہے۔جتنے کی گاڑیاں فروخت کی گئیں اس سے ڈبل قیمت ادا کی گئی ہے۔