Live Updates

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود

شہزادہ محمد بن سلمان آج اسلام آباد میں مصروف ترین دن گزاریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 10:08

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پرپاکستان میں موجود ہیں جہاں آج اسلام آباد میں وہ مصروف ترین دن گزاریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کریں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات راولپنڈی میں ہو گی۔ جس میں دو طرفہ تعلقات اور عسکری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایوانِ صدر روانگی سے قبل پارلیمانی وفد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کرے گا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ایوان صدر میں ہو گی۔

ایوان صدر میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا اور شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب میں اعلیٰ سول اور عسکری حکام شرکت کریں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان آج سہ پہر3 بجے دورہ مکمل کرکے روانہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین معزز شاہی مہمان کو نورخان ایئربیس سے رخصت کریں گے۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان گذشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 21 توپوں کی سلامی دی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم ہاؤس میں یاد گاری پودا بھی لگایا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے اس تاریخی دورے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 20 ارب ڈالرز کے معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا یہ دورہ پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات