آصف زرداری اور فریال تالپور کے لیے نئی مشکل

چیئرمین نیب نے منی لانڈرنگ کیس اسلام آبادمنتقل کرنے کی منظوری دے دی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 فروری 2019 13:44

آصف زرداری اور فریال تالپور کے لیے نئی مشکل
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 فروری۔2019ء) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے منی لانڈرنگ کیس اسلام آبادمنتقل کرنے کی منظوری دے دی اور نیب حکام نےنیب چیئرمین کا دستخط شدہ خط کراچی کی بینکنگ کورٹ میں جمع کرادیا ہے. تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی، چیئرمین نیب جاوید اقبال نے مقدمہ اسلام آباد منتقل کرنے کی منظوری دے دی اور نیب حکام نے نیب چیئرمین کا دستخط شدہ خط کراچی کی بینکنگ کورٹ میں جمع کرادیا ہے.

جس پر عدالت نے نیب کی درخواست پر ملزمان کے وکلاءکو 20 فروری کے لئے نوٹس جاری کردئیے ہیں.

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے نیب کومنی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کا حکم دیا ہے، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب آرڈیننس کی شق سولہ اے کے تحت احکامات دیئے، 14 فروری کو بینکنگ کورٹ کو کیس منتقلی سے آگاہ کر دیاگیا تھا.

درخواست میں استدعا کی گئی ہے منی لانڈرنگ کیس نیب کورٹ راولپنڈی منتقل کیا جائے. یاد رہے 4 فروری کو نیب نے میگا منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور مقدمہ اسلام آباد بھیجنے کی درخواست چیئرمین نیب اورپراسیکیوٹر جنرل نیب کوارسال کردی تھی. خیال سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس بینکنگ کورٹ کراچی میں زیر سماعت ہے، آصف زرداری، فریال تالپور ،نمر مجید،ذوالقرنین مجیدعبوری ضمانت پر ہیں جبکہ حسین لوائی،عبدالغنی مجید، طٰہ رضا ، انور مجید جیل میں قید ہیں ، ملزمان کےخلاف بوگس اکاﺅنٹ کے ذریعے اربوں کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے.

واضح رہے جعلی بینک اکاﺅنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی نامزد ہیں، جعلی بینک اکاﺅنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ پر سپریم کورٹ نے بھی از خود نوٹس لے رکھا ہے. ستمبر 2018 میں جعلی اکاﺅنٹس کیس میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ جے آئی ٹی ہر 2 ہفتے بعد عدالت میں رپورٹ جمع کروائے گی جبکہ ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کو رینجرز کی سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا.

جعلی بینک اکاﺅنٹ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں بلاول ہاﺅس اور زرداری خاندان کے دیگر اخراجات سے متعلق انتہائی اہم اور ہوشربا انکشافات سامنے آئے تھے کہ زرداری خاندان اخراجات کے لیے جعلی اکاﺅنٹس سے رقم حاصل کرتا رہا. 5 جنوری کو منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی نے فریال تالپور، آصف زرداری اور اومنی گروپ کی ملک اور بیرون ملک تمام جائیدادیں منجمد کرنے کی سفارش کی تھی.