Live Updates

تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا ایک غدار کے طور پر سامنے آرہا ہے، وفاقی وزیر مراد سعید

عجیب تماشا ہے، کہا جاتا ہے اسمبلی تب چلے گی جب شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے، اسمبلی میں اظہار خیال

جمعہ 22 فروری 2019 14:35

تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا ایک غدار کے طور پر سامنے آرہا ہے، وفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں نوازشریف کا بیان پاکستان مخالف انداز میں چلایا گیا یہ بدقسمتی ہے جو تین مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم بنا وہ بھارت میں ایک غدار کے طور پر سامنے آرہا ہے، عجیب تماشا ہے، کہا جاتا ہے اسمبلی تب چلے گی جب شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کی سخت مخالفت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عجیب تماشا ہے، کہا جاتا ہے اسمبلی تب چلے گی جب شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے، کہا جاتا ہے شہبازشریف کوچیئرمین پی اے سی بنادیا جائے، ایک طرف بھارت پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے، یہاں سے پیغام جاناچاہیے تھا کہ بھارت نے جنگ چھیڑی تواختتام ہم کریں گے۔

(جاری ہے)

مراد سعید نے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے مطالبے پر کہا کہ اگر ایک بندے نے اگر کرپشن کی یا نہیں کی، وہ عدالتوں میں جائے اپنا مقدمہ لڑے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں نوازشریف کا بیان پاکستان مخالف انداز میں چلایا گیا، بھارت نے نوازشریف کے بیان کا حوالہ دیا، بدقسمتی ہے جو تین مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم بنا وہ بھارت میں ایک غدار کے طور پر سامنے آرہا ہے اس سے زیادہ بدقسمتی کیا ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، اس پر بات ہونی چاہیے، سعودی عرب کی جیلوں میں پانچ برسوں تک پاکستانی قید تھے، یہ لوگ پانچ سال تک حکمران رہے لیکن انہوں نے یہ مسئلہ حل نہیں کیا، یہ مسئلہ وزیراعظم عمران خان نے حل کیا اور پاکستانی قیدیوں کو رہائی ملی، پاکستان بین الاقوامی سطح پر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل رہا ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ اس ایوان میں روز تماشے ہو رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے خسارے کی بات کی ہے، 200 ارب کا خسارہ انہی کے دور میں ہوا تھا، اگر بجلی کا معاملہ خراب ہے اور 1200 ارب روپے کا گردشی قرضہ ہے تو اس کے ذمہ دار بھی یہی لوگ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایوان کی کارروائی پر قوم کا پیسہ خرچ ہو رہا ہے، پیپلزپارٹی کے دور میں سندھ میں ہمارے ایم پی اے کو گولی ماری گئی، یہ لوگ قرارداد تک نہ لا سکے، یہ باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کے منصب کے تقدس کی باتیں کرنے والوں نے کل سابق سپیکر فہمیدہ مرزا کو ایوان میں بولنے نہیں دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات