Live Updates

دنیا کو درپیش پیچیدہ مسائل سے نوجوان قیادت ہی نمٹ سکتی ہے ، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف پرعزم ہے،پاکستان کو ایک معتدل معاشرہ بنانا چاہتے ہیں، عمران خان کے دور میں آزادی اظہار پر حملہ افسوسناک ہے، پیپلزپارٹی آزادی اظہار ،پریس کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، آکسفورڈ یونیورسٹی میں خطاب

جمعہ 22 فروری 2019 21:47

دنیا کو درپیش پیچیدہ مسائل سے نوجوان قیادت ہی نمٹ سکتی ہے ، بلاول بھٹو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ دنیا کو درپیش پیچیدہ مسائل سے صرف نوجوان قیادت ہی نمٹ سکتی ہے، شہید بینظیر بھٹو ہمیشہ کہتی تھیں حقوق اور قوانین اگر آپ کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو اپنے احساس عدم تحفظ کو کسی جبر سے نہیں ختم کیا جاسکتا بلکہ صرف جمہوریت کے ذریعے ہی آپ اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں ،پاکستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف پرعزم ہے،پاکستان کو ایک معتدل معاشرہ بنانا چاہتے ہیں، عمران خان کے دور میں آزادی اظہار پر حملہ افسوسناک ہے، پیپلزپارٹی آزادی اظہار اور پریس کی آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بڑی تعداد میں اساتذہ، دانشور، طلباء اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت دنیا کو بہت پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے جن سے ایک نوجوان قیادت ہی نمٹ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ کہتی تھیں کہ حقوق اور قوانین جو جمہوریت میں ہوتے ہیں اگر وہ آپ کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو اپنے احساس عدم تحفظ کو کسی جبر سے نہیں ختم کیا جاسکتا بلکہ صرف جمہوریت کے ذریعے ہی آپ اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں اور اس کے لئے قانون کی حکمرانی کو مضبوط کرنا ہوتا ہے اور کسی سے ایک مساویانہ معاشرہ قائم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشروں میں موجود ناانصافیاں ہی دہشتگردوں کو تقویت دیتی ہیں اور پاکستان میں بھی انتہاپسندی اور اعتدال پسندی کے درمیان جنگ ہے اور ہم اس جنگ میں شریک ہیں اور پاکستان کو ایک معتدل معاشرہ بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ بھی ہمیشہ پاکستان کو ایک اعتدال پسند ملک دیکھنا چاہتی تھیں اور ان کا بھی خواب یہ ہے کہ پاکستان ایک مکمل جمہوری، پرامن، ترقی پسند اور خوشحال ملک ہو اور یہ جمہوریت ہی سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کو ایک حقیقی ترقی پسند آواز کی ضرورت ہے اور ان کا مشن بھی یہی ہے کہ نفرت کی سیاست کی بجائے پاکستان کو ایک تقی پسند ملک بنایا جائے ۔ آج پاکستان میں ہم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں دہشتگردی، عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کا خواب تھا کہ وہ پاکستان کو ایک اجتماعیت پر مبنی ملک دیکھنا چاہتی تھیں۔

یہ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں جو معاشرے کے کچلے ہوئے طبقات ہیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو کو خاموش نہیں کیا جاسکا اور جب تک اچھائی کی امید موجود ہے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا نظریہ زندہ رہے گا۔ پاکستان کی ضرورت ہے کہ ملک میں جمہوریت کا تسلسل باقی رہے اور 2013ء پاکستان کے لئے ایک انتہائی اہم سال تھا کہ جب اقتدار ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو منتقل ہوا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی 2008ء سے لے کر 2013ء کی حکومت نے میڈیا اور عدلیہ کو بنیادی آزادی دی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ عمران خان کے دور میں آزادی اظہار پر بڑا حملہ جاری ہے لیکن پیپلزپارٹی آزادی اظہار اور پریس کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے اور پاکستان کو 21ویں صدی میں نوجوان قیادت ہی مسائل سے چھٹکارا دلا سکتی ہے۔

پاکستان میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور ایران میں آبادی کے مسئلے کو کنٹرول کر لیا ہے۔ پاکستان اگلے پانچ سالوں میں 45لاکھ ملازمتوں کی ضرورت ہے اور تقریباً تین کروڑ بچوں کا اسکولوں میں اندراج نہیں ہو سکا ہے۔ پاکستان کی موجودہ حکومت کو اہلیت کا مسئلہ درپیش ہے۔ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور اس میں نوجوانوں کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

پاکستان کا مستقبل ہماری نوجوان خواتین، ہمارے تہذیبی اور ثقافتی ورثے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر مکمل یقین ہے کہ پاکستان کے نسلی اور مذہبی تنوع کے پیچیدہ مسائل کے باوجود ابھی اہلیت اور صلاحیت موجود ہے کہ 21ویں صدی کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں جس کے لئے ہمیں نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات