Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی قاسم نون بجلی چوری میں ملوث نکلے

ایم این اے رانا قاسم نون کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلیے تھانا صدرشجاع آباد میں درخواست دیدی گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 24 فروری 2019 20:16

پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی قاسم نون بجلی چوری میں ملوث نکلے
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24فروری ۔2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی قاسم نون بجلی چوری میں ملوث نکلے۔ ایم این اے رانا قاسم نون کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلیے تھانا صدرشجاع آباد میں درخواست دیدی گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

اس آپریشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بجلی چوری روکنے کے لئے بلاامتیاز آپریشن ہوگا اور بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران بڑے مگر مچھوں پر پہلے ہاتھ ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں معاونت کرنے والے سرکاری عملے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور مہم کے دوران سیاسی وابستگی یا دباؤ کوخاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بجلی چوری روکنے کے لئے مہم چلانا خوش آئند ہے اورپنجاب حکومت اس قومی مہم میں بھرپور حصہ ڈالے گی۔ اکتوبر سے اب تک پنجاب میں اربوں روپے کی بجلی چوری کرنے والوں پر ہاتھ ڈالا جا چکا ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ میپکو نے تحریک انصاف کے ایم این اے رانا قاسم نون کے ڈیرے پر چھاپا مارا ہے۔

ایس ڈی ای او کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طورپربجلی کے کھمبے لگا کربغیرمیٹر ڈیرے پر بجلی استعمال کی جارہی تھی۔غیر قانونی کنکشن کو منقطع کردیا گیا ہے جبکہ ایم این اے رانا قاسم نون کیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلیے تھانا صدرشجاع آباد میں درخواست دیدی گئی۔واضح ہو کہ رانا قاسم نون قومی اسمبلی کے حلقہ این اے159 جلالپور سے ایم این اےمنتخب ہوئے تھے۔                                                                            
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات