سپینش فٹبالر کارلس پیول پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے خواہشمند

اس سے پہلے رونالڈینو،کاکا اورفیگو جیسے انٹرنیشنل پلیئرزبھی پاکستان آچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 14 مارچ 2019 13:15

سپینش فٹبالر کارلس پیول پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے خواہشمند
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مارچ 2019ء) ورلڈ سوکر سٹارز پروگرام کے سلسلے میں سابق سپینش فٹبالر اور بہترین دفاعی پلیئر کارلس پیول 16مارچ کو کراچی پہنچ رہے ہیںجہاں وہ ڈولمین مال میں سجائی جانےوالی ایک تقریب میں شرکت کے دوران مداحوں سے ملاقات بھی کریں گے۔بارسلونا کے 40سالہ سابق کپتان نے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے جو ان کی پاکستان آمد کو مزید کارآمد بنا دےگی۔

خیال رہے کہ کارلوس پیول فٹ بال سے عملی طور پر ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ وہ اپنے پورے کریئر میں بارسلونا سے جڑے رہے اور انہیں اپنے دور میں دنیا کے بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں سے ایک مانا جاتا تھا۔کارلوس پیول کو ساتھی کھلاڑی ان کے شاندار کھیل اور عزم کے باعث ‘چٹان’ کہتے تھے اور انہوں نے بارسلونا کے علاوہ سپین کی قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔

(جاری ہے)

وہ 2010 ءمیں فٹبال ورلڈ کپ جیتنے والی ہسپانوی ٹیم کا بھی حصہ تھے جبکہ 2004 ءسے 2014 ءمیں ریٹائرمنٹ تک بارسلونا کے کپتان رہے اور کلب کی جانب سے 593 میچ کھیلے۔بارسلونا نے کارلوس پیول کی قیادت میں 6 لالیگا، 3 چمپیئنز ٹرافی سمیت 20 بڑے ٹائٹل جیت لیے تھے۔واضح رہے اس سے پہلے مایہ ناز برازیلین فٹ بالررونالڈینو،برازیل ہی کے ریکارڈو کاکا اورپرتگال فٹبال ٹیم کے سابق کپتان لوئیس فیگو جیسے انٹرنیشنل پلیئرزبھی پاکستان آچکے ہیں۔

سپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور انگلش کلب چیلسی کے سابق فرانسیسی سٹار کھلاڑی نیکولس انیلکا 5 مارچ کو اسلام آباد آئے تھے جہاں انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید اشفاق شاہ سے ملاقات کی تھی اور پاکستان میں فٹ بال کی بہتری کے حوالے سے 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔