Live Updates

بابر اور رضوان کے سٹرائیک ریٹ اور پچھلے کچھ میچوں میں کارکردگی پر بات کی تھی : مائیک ہیسن

بھارت پراعتماد ہے مگر پاکستان بھی دن بہ دن بہتر ہو رہا ہے، ہم چیلنج سے خوفزدہ نہیں ہیں بلکہ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔: ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 ستمبر 2025 11:35

بابر اور رضوان کے سٹرائیک ریٹ اور پچھلے کچھ میچوں میں کارکردگی پر بات ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2025ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ان کی نوجوان ٹیم ایشیا کپ 2025ء میں روایتی حریف بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے ہائی وولٹیج میچ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں عمان کے خلاف 12 ستمبر کے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا میں نے کئی بار پاک بھارت میچز باہر سے دیکھے ہیں، کبھی کوچ اور کبھی کمنٹیٹر کے طور پر۔

اب اس ماحول کے بیچ ہونا ایک شاندار تجربہ ہے۔ اہم بات یہی ہے کہ ٹیم فوکس میں رہے اور اپنا کام کرے۔ 
انہوں نے کہا کہ بھارت پراعتماد ہے اور ہونا بھی چاہیے مگر پاکستان بھی دن بہ دن بہتر ہو رہا ہے۔ ہم چیلنج سے خوفزدہ نہیں ہیں بلکہ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

ہیڈ کوچ نے دبئی کی پچ کے حوالے سے کہا کہ یہ شارجہ سے مختلف ہے لیکن پاکستان کے پاس متوازن اسکواڈ ہے۔

ہمارے پاس 5 سپنرز ہیں، محمد نواز اس وقت دنیا کے بہترین اسپن بولر ہیں، اور پیس اٹیک بھی مضبوط ہے۔ ہم ہر طرح کی کنڈیشنز میں کھیل سکتے ہیں۔ 
بیٹنگ لائن اپ پر تنقید کے جواب میں مائیک ہیسن نے کہا کہ یہ ایک ڈویلپنگ بیٹنگ لائن اپ ہے۔ شارجہ میں ہم اکثر اپنے ٹارگٹ سے زیادہ سکور کرتے رہے، یہی اصل بات ہے۔ ہمیں امید ہے کہ کئی بیٹرز فارم میں واپس آئیں گے۔

 
دبئی میں ایشیا کپ 2025ء کے سفر کے آغاز سے پہلے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی کمزوریوں کو بہتر کرنے خصوصاً اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے کا بھی مشورہ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ کوچز انہیں ان کی کمزوریوں سے آگاہ کریں تاکہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لا سکیں۔ 
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بابر اعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی پر سوال کیا گیا۔

ایک صحافی نے پاکستانی کوچ مائیک ہیسن سے استفسار کیا کہ بابر اور رضوان کی کمزوریوں کا ذکر کھل کر کیا ہے، جو کہ عموماً کوچز نہیں کرتے۔ 
مائیک ہیسن نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کھلاڑیوں کے ساتھ ایمانداری سے بات کرتے ہیں اور انہیں اپنی کمزوریوں پر کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ 
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بابر اور رضوان کی اسٹرائیک ریٹ اور پچھلے کچھ میچوں میں کارکردگی پر بات کی تھی، کیونکہ جدید کرکٹ میں اسٹرائیک ریٹ کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔

 
مائیک ہیسن پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ بنے تو امید یہی تھی کہ وہ بیٹنگ اور بولنگ پلانز بہتر بنائیں گے لیکن کسی نے یہ نہیں سوچا تھا کہ مائیک ہیسن اردو بھی سیکھ لیں گے۔ 
دبئی میں پریس کانفرنس میں کوچ ہیسن نے ہنستے ہوئے کہا کہ اردو بولنے کی صلاحیت محدود ہے مگر سمجھتا سب ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ پشتو تو نہیں آتی، لیکن اردو اچھی خاصی سمجھنے لگا ہوں۔ کھلاڑی آپ کے پیچھے بات کریں اور آپ کو پتا نہ چلے؟ ایسا نہیں ہوسکتا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ عمان کے خلاف کھیلے گی جبکہ ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات