Live Updates

پاکستانی ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی سے بچ نکلنے والے کرکٹر ہانگ کانگ کرکٹ ٹیم کے کپتان بن گئے

2016ء میں کراچی کے ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے یاسم مرتضی نے دوسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں ان کی ایڑھی ٹوٹ گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 ستمبر 2025 16:29

پاکستانی ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی سے بچ نکلنے والے کرکٹر ہانگ کانگ کرکٹ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2025ء ) ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضی نے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ سے ہانگ کانگ کی قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی حاصل کرنے کا سفر ایک انوکھے انداز سے طے کیا۔
34 سالہ یاسم مرتضیٰ نے جنوری 2007ء میں راولپنڈی کی جانب سے فیصل آباد کیخلاف اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور دسمبر 2016ء تک 74 فرسٹ کلاس میچز میں 26.73 کی اوسط سے 2914 رنز سکور کیے جس میں ایک سنچری اور 17 نصف سنچریاں شامل تھیں، اس دوران انہوں نے لیفٹ آرم سپن بائولنگ کرتے ہوئے 30.56 کی اوسط سے 123 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

5 دسمبر 2016ء کو کراچی کے ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے یاسم مرتضی نے دوسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں ان کی ایڑھی ٹوٹ گئی۔
اس حادثے نے 11 لوگوں کی جان لی جب کہ 75 افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

 

حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے یاسم مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ "میں صبح 3 یا 4 بجے کے قریب گہری نیند سے بیدار ہوا اور ہر طرف دھواں تھا، ہمیں کچھ نظر نہیں آرہا تھا۔

یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے نمائندگی کرنے والے یاسم مرتضی ساتھی کھلاڑی اور موجودہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے گھر صحت یاب ہوئے۔ 
اس چوٹ نے ان کا پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کیریئر تو ختم کردیا لیکن انہوں نے ہمت نا ہاری اور قسمت آزمائی کرنے 2017ء میں ہانگ کانگ جاپہنچے جہاں 2022ء میں ان کا ہانگ کانگ ڈیبیو ہوا۔ 
اب وہ ایشیاء کپ 2025ء میں ہانگ کانگ کی قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

 
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے 144 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کیا۔ 
بنگلادیش کی جانب سے کپتان لٹن داس 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے عتیق اقبال نے 2 اور آیوش شکلا نے 1 وکٹ حاصل کی۔

 
اس سے قبل بنگلادیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز اسکور کیے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ذیشان علی 30، کپتان یاسم مرتضیٰ 28، بابر حیات 14، اعزاز خان 5، انشے راتھ 4 اور کنچت شاہ 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔ 
بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب، رشاد حسین اور تسکین احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات