Live Updates

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ :کپتان اور ہیڈ کوچ کا ٹیم کی تیاریوںپر اعتماد کا اظہار

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:18

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ :کپتان اور ہیڈ کوچ کا ٹیم کی تیاریوںپر اعتماد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنائ اور ہیڈ کوچ محمد وسیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم اسپن بولنگ حکمتِ عملی اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا، تاہم پاکستان کے تمام میچز کولمبو میں شیڈول ہیں۔

پاکستان اپنی تیاریاں 16 ستمبر سے لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز سے شروع کرے گا۔ یہ سیریز نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ کے بعد کھیلی جائے گی۔فاطمہ ثنائ نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز اسپنرز کے لیے سازگار ہیں، اسی لیے اسکواڈ کو سست گیند بازوں پر مرکوز کیا گیا ہے اور بیٹنگ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ بڑے اسکور کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کو ورلڈ کپ سے قبل کمبی نیشن آزمانے کا اہم موقع قرار دیا۔ہیڈ کوچ محمد وسیم نے کہا کہ کیمپ میں مثبت ماحول بنانے اور سب کھلاڑیوں کو یکساں مواقع دینے پر زور دیا گیا ہے۔ بارش کے باوجود ٹیم نے ہر شعبے میں پیش رفت کی ہے۔فاطمہ ثنائ نے دبئی میں 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ایشیا کپ فائنل کھیلنے والی پاکستان مردوں کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ محمد وسیم نے کہا کہ حالیہ ٹرائی سیریز میں کامیابی نے ٹیم کے اعتماد کو بڑھایا ہے۔

کپتان نے کہا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کرے گا اور بیٹنگ میں شراکت داری و اسٹرائیک روٹیشن پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز جیتنے سے ٹیم کو عالمی ایونٹ کے لیے اعتماد اور مثبت سوچ ملے گی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات