شہریوں کے خلاف فورسز کی طرف سے طاقت کا استعمال عروج پر ہے ، اشرف صحرائی

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے حاجن، بانڈی پورہ ، کلنترہ بارہمولہ اور شوپیاں کے معرکوں میں جام شہادت نوش کرنے والے مجاہدین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ظلم و جبر ، ماردھاڑ ، تشدد اور قتل و غارت گری عروج پر ہے اور اب زیر حراست ہلاکتوں کا سلسلہ ازسرنو شروع کیا گیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں صحرائی نے شوپیاں میں نہتے شہریوں کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اور پولیس اہلکار بلاجواز طاقت کا استعمال کر کے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ گرفتاریوں کا بلاجواز سلسلہ دراز کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ہر عام و خاص خود کو غیر محفوظ تصور کر رہا ہے اپنے بیان میں صحرائی صاحب نے اس بات کا واشگاف اعلان کیا کہ سرکاری سطح کے سخت گیر اقدامات کی وجہ سے ہی ریاستی نوجوان بے عزتی کی زندگی پر عزت کی موت کو ترجیح دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

صحرائی نے اس طرح کے سرکاری صورت حال کو ریاستی عوام کے لئے مصائب کا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر دوسرے تیسرے شخص کے پیچھے فوجی اور پولیس اہلکار سایہ کی طرح پیچھا کر رہا ہے ۔ انہوں نے وادی کے طول و عرض میں گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمال و جنوب میں پکڑ دھکڑ اور نوجوانوں پر پی ایس اے جیسے کالے قوانین کے اطلاق سے جوانوں کی زندگیاں اجیرن بنائی جا رہی ہیں اور انہیں مسلسل ذہنی عذاب کا شکار بنایا جا رہا ہے ۔ ۔

متعلقہ عنوان :