لورا لائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، آئی ایس پی آر

منگل 26 مارچ 2019 23:22

لورا لائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ بلوچستان کے ضلع لورا لائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورا لائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا جو کامیاب رہا۔

آپریشن میں دو خودکش حملہ آوروں سمیت 4دہشت گردہلاک ہوئے ، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی میں ملوث تھے اور انہوں نے سنجاوی میں بھی 6لیویز اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔آئی ایس پی آر خفیہ اطلاعات ملنے پر آپریشن صبح کیا گیا تھا،سیکیورٹی فورسز کے محاصرہ کرتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینک کر فرار ہونے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خود کش حملہ آوروں سمیت چاروں دہشت گردمارے گئے۔کارروائی میں اسلحہ، خودکش جیکٹس ، بارودی مواد برآمد ہوا اور دوران آپریشن سنجاوی میں شہید لیویز اہلکاروں کے شناختی کارڈ بھی ملے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران چار سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے اس کے علاوہ آئی ایس پی آرنے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کا ماسٹرمائنڈ بھی شامل تھا، سیکیورٹی فورسز کے علاقے کو گھیرے میں لینے پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی،دستی بموں کا استعمال کیا اور بھاگنے کی بھی کوشش کی۔دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔