Live Updates

ٴْ وزیراعظم نے عوام کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لوگ انتظار کررہے ہیں ،نثار احمد کھوڑو

- ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کی کامیابی نے حکمرانوں کی نیندیں اڑادی ہیں،صوبائی صد ر پیپلزپارٹی

اتوار 31 مارچ 2019 19:55

Zحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، لوگ ان کے وعدے پر انتظار کررہے ہیں ، سندھ کے نوجوان پڑھے لکھے ہیں وہ جھوٹی تسلیوں میں آنے والے نہیں ہیں۔ وہ حیدرآباد میں علی نواز شاہ رضوی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

ان کے ہمراہ ایم پی اے عبدالجبار خان، علی نواز شاہ رضوی، صغیر قریشی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ 4اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ہے جس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ، یہ دن پاکستان کی تاریخ کا دکھ برا دن ہے ، ملک کے منتخب وزیراعظم کو جس نے پاکستان کے عوام کو قانون اور آئین دیا ایک آمر نے انہیں پھانسی پر چڑھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کی کامیابی نے حکمرانوں کی نیندیں اڑادی ہیں ، لوگوں نے ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی ختم نہ ہونے والی جماعت ہے اس حوالے سے میں سندھ بھر کی تنظیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کو کامیاب بنوایا۔ انہوں نے کہاکہ جب بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں تو اس پر حکمرانوں کی کیوں چیخیں نکل رہی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بڑی بڑی باتیں کیں اور گھوٹکی جیسے پسماندہ علاقے میں انہیں یاد آیا کہ ملک کے خزانے میں پیسہ نہیں ہے ۔ عمران خان نے کراچی میں جس پارک کا افتتاح کیا وہ بھی پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کا فیورٹ ہٹلر ہے اس بات سے عمران خان کے مائنڈ سیٹ کا پتہ چلتا ہے۔

گھوٹکی کے جلسے کی ناکامی کی وجہ عمران خان کا سندھ کی عوام کے ساتھ متعصبانہ رویہ ہے ۔ اگر گھوٹکی میں لوگ اُن کے جلسے میں نہیں آئے تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے۔ ان کے جلسے میں صرف ڈھائی ہزار لوگ تھے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کراچی میں جھوٹے وعدے کئے اور چلے گئے ، انہوں نے جس پارک کا افتتاح کیا وہ بھی پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہے۔

ابھی تک صوبائی حکومت کو اس پارک پر خرچ ہونیو الے پیسے بھی نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، لوگ ان کے وعدے پر انتظار کررہے ہیں ، سندھ کے نوجوان پڑھے لکھے ہیں وہ جھوٹی تسلیوں میں آنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف ون یونٹ کے حامی تھے اسی طرح عمران خان بھی ون یونٹ کے حامی نظر آتے ہیں۔ یہ حکومت پرویز مشرف کی حلف یافتہ حکومت ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات