میر واعظ عمر فاروق بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے میں پیش ہونے کے بعد سرینگر واپس پہنچ گئے

جمعہ 12 اپریل 2019 11:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے ہیڈ کوارٹر میں پیش ہونے کے بعد واپس سرینگر پہنچ گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق این آئی اے مسلسل تین روز تک میرواعظ سے ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمے کے سلسلے میںپوچھ گچھ کرتا رہا ۔

(جاری ہے)

میر واعظ جمعرات کی شام حریت رہنمائوں بلال غنی لون، مسرور عباس انصاری ، ایڈووکیٹ نذیر احمدرونگا اور اعجاز احمد رونگا کے ہمراہ نئی دہلی سے واپس سرینگر پہنچے۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے نے میر واعظ کو تفتیش کیلئے نئی دہلی میںاین آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہونے کیلئے تین مرتبہ نوٹس جاری کئے تھے جس کے بعد میر واعظ پیر کو نئی دہلی جاکر این آئی اے عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان سے مسلسل تین دن پوچھ گچھ کی گئی ۔ میرواعظ عمر فاروق کی سرینگر ائر پورٹ آمد پر بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے۔