Live Updates

مریم اورنگزیب نےفواد چودھری کو چھوٹوالزام وزیر قرار دےدیا

چھوٹو الزام وزیرکے پاس اب وزارت میں کوئی ذمہ داری نہیں ہے، الزام وزیرنے شاہد خاقان پر گیس کی قیمتوں میں اضافے کا الزام عائد کردیا، گیس بجلی کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ مزید ہونے والا ہے۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اپریل 2019 18:07

مریم اورنگزیب نےفواد چودھری کو چھوٹوالزام وزیر قرار دےدیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل 2019ء) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کو چھوٹوالزام وزیر قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج چھوٹو الزام وزیرکے پاس وزارت میں کوئی ذمہ داری نہیں ہے،ان کوالزام خان نے الزام لگانے پر چھوڑ دیا ہے، الزام وزیرنے شاہد خاقان پر گیس کی قیمتوں میں اضافے کا الزام عائد کردیا ہے۔ انہوں نے آج یہاں وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا کہ حکومت اتنی جھوٹی ہے کہ وزراء کے پاس کارکردگی دکھانے کو بھی کچھ نہیں ہے۔

دوسروں پر الزامات لگانے والا عمران خان قوم کوسچ بتائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو آئی ایم ایف کے معاہدے کی تفصیلات بتائے۔نااہلوں کی حکومت میں چیزیں مزید مہنگی ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا احتساب 600بلین کی منی لانڈرنگ سے شروع ہوتا ہے اور اقامے پر ختم ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

الزام ثابت کریں، اگر ثابت کرنے کو کچھ نہیں تو الزام لگانے بند کریں، قوم کو بتائیں کہ مہنگائی کیوں بڑھ رہی ہے؟ یومیہ قرضہ 80فیصد کیوں بڑھ گیا ہے؟گیس کی قیمتوں میں 80فیصد اضافہ ہونے والا ہے، بجلی مہنگی ہونے والی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے 2013ء میں رونا نہیں ڈالا، عوام کو کام کرکے دکھایا اور مہنگائی کی شرح کوکم کیا تھا۔مریم نے کہا کہ لزام وزیرنے شاہد خاقان پر گیس کی قیمتوں میں اضافے کا الزام عائد کردیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے دور میں دونوں گیس کمپنیوں کی 350ارب کی سیل تھی۔حکومت نے انفراسٹرکچرکے کام ٹھپ کیے ہوئے ہیں۔ واضح رہے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری خاندان نے کرپشن کی۔

آصف زرداری نے کرپشن کیلئے اپنے بینک کھول رکھے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ، حسن اور حسین نوازعدالتوں کا سامنا ہے لیکن پیش نہیں ہورہے بلکہ ملک سے باہر ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ اگر 26ملین ڈالر جمع کرکے پاکستان لاتے ہیں توسوچیں شریف فیملی کا بیرون ملک کتناپیسا پڑا ہے۔26ملین ڈالر ٹی ٹی کے ذریعے شہبازشریف کو منتقل ہوئے۔حمزہ شہبازکے 98فیصد اثاثے ٹی ٹی پر منحصر ہیں۔

منی لانڈرنگ کے حالیہ کیسز پر کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔منی لانڈرنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔شریف فیملی نے اقامے کیوں رکھے ہوئے تھے؟ اس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں تو نیندیں اڑ جائیں گی۔اب اس پر ہماری حکومت کی تحقیقات سامنے آئیں گی۔اس دھندے میں وزراء بھی شامل تھے۔احسن اقبال اور خواجہ آصف نے اقامے رکھے ہوئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات