فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی

منگل 16 اپریل 2019 19:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) سندھ ہائیکورٹ / الیکشن ٹریبونل میں این اے 249 پر پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔منگل کو الیکشن ٹریبونل میں شہباز شریف کے وکیل خالد جاوید نے دلائل مکمل کیئے جس کے بعد عدالت نے 22 اپریل کو فیصل واوڈا کے وکیل سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا نے 35349 ووٹ حاصل کئے جبکہ شہبازنے 626 34 ووٹ حاصل کئے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دئیے گئے،بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر سادہ کاغد پر نتائج ہاتھ میں تھما دیئے گئے، کئی فارم 45 پر پرائزنڈگ افسر کے دستخط بھی موجود نہیں تھے، شہباز شریف کو الیکشن مہم چلانے میں روکاٹیں پیدا کی گئیں،الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کی کامیابی کا آفیشل رزلٹ روکا جائے،این اے 249 کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دیا جائے۔