Live Updates

ن لیگ کے 20 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی کا فارورڈ بلاک بن گیا

پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا نے تفصیلات بتا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اپریل 2019 11:11

ن لیگ کے 20 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی کا فارورڈ بلاک بن گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اپریل 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کرکچھ عرصہ قبل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے رہنما شوکت بسرا نے مسلم لیگ ن کے اندر بیس سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی کا فارورڈ بلاک بننے کا دعویٰ کر دیا۔ شوکت بسرا نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں بیس سے پچیس لیگی اراکین اسمبلی فارورڈ بلاک بنا چکے ہیں۔ بہاولپور سے منتخب رکن پنجاب اسمبلی محمد ارشد بھی اس فارورڈ بلاک میں شامل ہیں۔

اس فارورڈ بلاک میں شامل اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈران میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے جو لوٹ مار کی ہے ہم کسی صورت بھی اس کا دفاع نہیں کریں گے۔ شوکت بسرا نے بتایا کہ فارورڈ بلاک میں شامل اراکین کا کہنا ہے کہ ہم فارورڈ بلاک بنا کر پاکستان کی تعیر و ترقی میں حصہ لیں گے اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ فارورڈ بلاک بہت جلد آپ کے سامنے آ جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز پر بھی مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کے خدشے کے پیش نظر پارٹی قیادت نے اہم فیصلہ کیا تھا اور مریم نواز کو ایک مرتبہ پھر سے سیاسی میدان میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی گرفتاری اور جیل میں اسیری اور مریم نواز کی خاموشی کے بعد مسلم لیگ ن دھڑوں میں تقسیم ہو گئی اور عین ممکن تھا کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بھی اُبھر کر آجائے جس کی نمائندگی چودھری نثار علی خان کریں لیکن اس کے بعد فارورڈ بلاک بننے سے روکنے کے لیےمریم نواز کو پارٹی معاملات اور سیاسی میدان میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کے ساتھ مریم نواز کو بھی سیاسی میدان میں فرنٹ پر کھڑا ہونے اور ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا ٹاسک سونپا تھا تاہم اب ایک مرتبہ پھر سے مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کی خبریں گردش کر رہی ہیں جبکہ اس حوالے سے حکومتی جماعت کے رہنما شوکت بسرا نے بھی دعویٰ کر دیا ہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات