مشترکہ حریت قیادت کی بھارتی مظالم اور یاسین ملک کے ساتھ غیر انسانی سلوک کے خلاف کل مکمل ہڑتال کی اپیل

پیر 22 اپریل 2019 19:35

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نئی دلی میں غیرقانونی طورپر نظربند جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کے خلاف منگل 23اپریل کو وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ہڑتال کا مقصد حریت پسندکشمیری رہنمائوں، ان کے اہلخانہ، کارکنوں ،تاجر رہنمائوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کے خلاف این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریت کی جارحیت کے خلاف بھی احتجاج کرنا ہے۔

(جاری ہے)

مشترکہ قیادت نے کہاکہ این آئی اے ہیڈکوارٹر نے محمد یاسین ملک کو بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور کیا ہے اور آج ان کی بھوک ہڑتال بارہویں روز میں داخل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علیل رہنما جودہلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال میں زیر علاج ہیں کی زندگی خطرے میں ہے اور بھارتی حکمران اورایجنسیاں ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہیں۔ مشترکہ قیادت نے کشمیر عوام کے خلاف بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف 23اپریل کو مکمل ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محمد یاسین ملک نے این آئی اے کے ظالمانہ رویے اور کشمیریوں کے ساتھ ذلت آمیز سلوک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی ہے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے ساتھ اور این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مظالم کاشکار بننے والے دیگرلوگوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہارکریں۔

مشترکہ قیادت نے کہاکہ بھارت اپنی ایجنسیوں کو ہماری تجارت ،ٹرانسپورٹ، دفاتر اور دیگر سرگرمیاں بند کرانے کے لیے ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے۔