فریضہ حج کی ادائیگی عظیم سعادت اور ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے ،حافظ نذیر احمد

جمعہ 26 اپریل 2019 17:27

کوٹلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ڈائریکٹر مذہبی امور آزاد کشمیر حافظ نذیر احمد نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی عظیم سعادت اور ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے ۔ دربار نبی ﷺسے بلاوہ نہ آئے تو استطاعت والے بھی محروم رہتے ہیں ۔ عازمین حج خانہ کعبہ میں اور روضہ رسول ﷺ پر وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعائیں مانگیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوںنے محکمہ امور دینیہ شعبہ افتا ء کوٹلی کے زیر اہتمام بلدیہ ہال کوٹلی میں منعقدہ عازمین حج کی ایک روزہ تربیتی نشست سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کی صدارت عابد حسین غزالی انچارج ضلع مفتی کوٹلی نے کی ۔ جبکہ وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کے مبلغ عمران تنویر ہاشمی حج ماسٹر ٹرینر ، کرنل ظفر اقبال عاصم ، مقامی علماء کرام مولانا اعظم ، مفتی عابد حسین ،عبدالرزاق چشتی نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے عازمین حج کو مناسک حج کے علاوہ سفر حجاز سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی ۔ ڈا ئیریکٹر مذہبی امور حافظ نذیراحمد نے کہا کہ دیار غیر جانے والا ہر شخص غیر سرکاری سفیر ہوتا ہے ۔ جس کے کردار کو سامنے رکھ کر غیر اقوا م مجموعی طور پرپوری قوم کے بارے اپنے رائے قائم کرتے ہیں ۔عازمین حج جہاں بھی جائیں اعلی سیرت و کردار کا مظاہرہ کریں ۔

حجاز مقدس میںرہ کر زیادہ سے زیادہ اجر و ثواب سمیٹنے کی کوشش کریں ۔اس وقت ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ۔ دہشت گردی اور سیاسی عدم استحکام نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ معیشت تباہ حال ہے ۔ملک دشمن خطر ناک عزائم رکھتے ہیں ۔ عازمین حج وطن عزیز کے لئے خصو صی دعائیں مانگیں ۔ آخر میں شرکاء کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانہ دیا گیا ۔