پیر افضل قادری نے تحریک لبیک کو خیرباد کہہ دیا

ماضی میں آرمی چیف اور چیف جسٹس سے متعلق دیے گے فتوؤں پر معافی بھی مانگ لی

muhammad ali محمد علی منگل 30 اپریل 2019 23:40

پیر افضل قادری نے تحریک لبیک کو خیرباد کہہ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2019ء) پیر افضل قادری نے تحریک لبیک کو خیرباد کہہ دیا، ماضی میں آرمی چیف اور چیف جسٹس سے متعلق دیے گے فتوؤں پر معافی بھی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق متنازعہ بیانات کیلئے بدنام تحریک لبیک پاکستان کے سینئر رہنما پیر افضل قادری نے اپنی جماعت کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ تحریک لبیک کے سربراہ پیر افضل قادری ان دنوں جیل میں قید ہیں، جہاں سے انہوں نے اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

جیل سے جاری کیے گئے پیغام میں پیر افضل قادری نے ماضی میں آرمی چیف اور چیف جسٹس کیخلاف جاری کیے گئے فتووں پر معافی مانگی۔ پیر افضل قادری نے ماضی میں جاری کیے گئے متنازعہ فتووں پر ناصرف معافی مانگی ہے، بلکہ تحریک لبیک پاکستان کی سرپرستی کے عہدے سے استعفی بھی دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پیر افضل قادری نے گزشتہ برس نومبر میں عاسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بعد آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور اس وقت کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کیخلاف انتہائی غیر اخلاقی اور متنازعہ زبان کا استعمال کیا تھا۔

بعد ازاں تحریک لبیک کیخلاف کریک ڈاون کے دوران پیر افضل قادری کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پیر افضل قادری کو مولوی خادم رضوی کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ پیر افضل قادری اورمولوی خادم رضوی لاہور کے کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔