Live Updates

کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ،70 برس کے دوران کرپٹ عناصر نے لوٹ مار کر کے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا،جنہوں نے عوام کی خون پسینے کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا انہیں حساب دینا ہو گا، شعبدہ بازوں نے نمائشی منصوبوں کے ذریعے صوبے کو کنگال کیا، عثمان بزدار

جمعہ 17 مئی 2019 18:40

کرپشن نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ،70 برس کے دوران کرپٹ عناصر نے ..
لاہور۔17 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کیا اور 70 برس کے دوران کرپٹ عناصر نے لوٹ مار کر کے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی دولت کو بے دردی سے ضائع کیا گیا،جنہوں نے عوام کی خون پسینے کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا ہے انہیں حساب دینا ہو گا۔

تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو شفاف قیادت ملی ہے، تحریک انصاف کی شفاف اور ایماندار قیادت ہی ملک کو آگے لے کر جائے گی۔ یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوے کہی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو عوام الیکشن میں مسترد کر چکے ہیں اور یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت نے 9 ماہ میں عوام کی خدمت کی ہے اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ہم بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور یہ مشن جاری و ساری رہے گا۔ نمائشی منصوبوں اور بلند و بانگ دعوؤں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ لوٹ مار کرنے والوں کی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں اور انہیں نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے۔

پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔ شعبدہ بازوں نے نمائشی منصوبوں کے ذریعے صوبے کو کنگال کیا۔ ماضی کے بوئے ہوئے کانٹے چن چن کر صاف کررہے ہیںاور تبدیلی کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ افسوس ماضی میں سڑکیں اور پل بنائے گئے، سکولوں اور ہسپتالوں پر توجہ نہیں دی گئی۔ سابق ادوار میں اربوں کے قرضے لے کر عوام پر خرچ نہیں کئے گئے۔

ماضی قریب میں ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام کو خالی نعروں پر بہلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے زمینی حقائق کے مطابق دیرپا اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شہر شہر قریہ قریہ جا کر عوام سے مل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پسماندہ علاقوں کے عوام کا بھی حق ہے اور ان کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے ترجیحات کا تعین کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو عوام نے کرپٹ عناصر کے احتساب اور تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے۔ عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بعد ملک کو شفاف قیادت نہیں ملی جبکہ گزشتہ 10 برس کے دوران کرپشن، لوٹ مار اور بدانتظامی کا راج رہا۔ ماضی کی حکومتیں دیانتدار ہوتیں تو آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات کا ملنا عوام کا حق ہے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کو یہ حق دینے کیلئے آخری حد تک جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات