Live Updates

: حکومتی پالیسیوں کیخلاف صرف پارلیمنٹ میں احتجاج کافی نہیں، اپوزیشن کو عوامی قوت کا مظاہرہ بھی کرنا ہو گا ،بلاول بھٹو

? پارلیمنٹ میں حلف نہ اٹھانے کے حوالے سے میرا مؤقف درست ثابت ہوا ہے، حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں،مولانا فضل الرحمان ن لیگ احتجاجی تحریک میں ساتھ چلنے کیلئے تیار ،ایجنڈے کے نکات پہلے طے کرنے چاہئیں،شاہد خاقان عباسی 8 اپوزیشن جماعتوں نے گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے نیب کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا ،بلاول کی افطار پارٹی کی اندرونی کہانی

اتوار 19 مئی 2019 22:10

ؑاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف صرف پارلیمنٹ میں احتجاج کافی نہیں، اپوزیشن کو عوامی قوت کا مظاہرہ بھی کرنا ہو گا جبکہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں حلف نہ اٹھانے کے حوالے سے میرا مؤقف درست ثابت ہوا ہے،شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ احتجاجی تحریک میں ساتھ چلنے کے لئے تیار ہے تاہم اس کے ایجنڈے کے نکات پہلے طے کرنے چاہئیں۔

بلاول کی افطار پارٹی کی اندرونی کہانی کے حوالے سے میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ میں نے پوری اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں حلف نہ اٹھانے کی تجویز دی تھی، اگر میری تجویز مان لی جاتی توآج یہ حالات نہ ہوتے، ن لیگ نے اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کی تجویز نا مان کر بڑی غلطی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر اے پی سی ہو جاتی تو حکومت کے ہوش اڑ جاتے، حکومت مخالف تحریک نا چلانے سے عوام میں این آر او کا تاثر ابھرتا ہے، حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ حکومتی پالیسیوں سے تنگ عوام سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں، اب بھی سڑکوں پر نہ آئے تو ہم سب کو پچھتانا پڑے گا۔ رپورٹ کے مطابق بلاول نے حزب اختلاف کے رہنماؤں سے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے خلاف صرف پارلیمنٹ میں احتجاج کافی نہیں، اپوزیشن کو عوامی قوت کا مظاہرہ بھی کرنا ہو گا، اس پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نون لیگ احتجاجی تحریک میں ساتھ چلنے کے لئے تیار ہے تاہم اس کے ایجنڈے کے نکات پہلے طے کرنے چاہیئیں۔

بلاول بھٹو نے حمزہ شہباز سے شہباز شریف کی واپسی کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ طبی معائنہ مکمل ہوتے ہی واپس آئیں گے، ان کی سیاسی پناہ کی افواہیں حکومتی مشینری پھیلا رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز سے میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں تاہم وہ اپنے نظریے پر مضبوطی سے جمے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بلاول نے کہا کہ نیب کسی کی کٹھ پتلی بنا ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق زرداری ہاؤس میں افطار ڈنر کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی اہم بیٹھک میں گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے نیب کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات