پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال بھی نیب کے نشانے پر آ گئے

نیب نے مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 22 جون 2019 13:25

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال بھی نیب کے نشانے پر آ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2019ء) : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال بھی نیب کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ ملزمان پر سرکاری پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں افتخار قائمخانی سمیت 11 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

نیب نے ریفرنس میں کہا کہ نامزد ملزمان سرکاری پلاٹا کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہیں، ملزمان نے قومی خزانے کو ڈھائی ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں نیب کی کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ نیب نے بدعنوانی ، جعلی بینک اکاؤنٹس، کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث کئی اہم سیاسی شخصیات کے خلاف بھی ریفرنسز دائر کر کے انہیں حراست میں لے رکھا ہے۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے سب سے بڑی گرفتاری سابق وزیراعظم نواز شریف کی تھی جو اب تک کوٹ لکھپت جیل میں موجود ہیں ۔ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں طبی بنیاد پر درخواست ضمانت دائر کی جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسترد کر دیا تھا ۔ اُس کے علاوہ خواجہ برادران بھی نیب کی زیر حراست ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پ پنجاب شہباز شریف بھی نیب حوالات کی سیر کر چکے ہیں اور اب ان کے صاحبزادے اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نیب حراست میں ہیں۔

نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بھی جسمانی ریمانڈ پر اپنی حراست میں لے رکھا ہے جہاں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف بھی نیب کی کارروائیوں کا امکان ہے ۔ ایک طرف جہاں اپوزیشن رہنما گرفتار ہو رہے ہیں وہیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان بھی نیب حراست میں رہ چکے ہیں۔جبکہ آئندہ دنوں میں نیب کی جانب سے مزید کارروائیوں اور گرفتاریاں عمل میں لائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔