Live Updates

مریم نواز نے پاکستان میں جائیداد ہونے کا اعتراف کر لیا

میری پاکستان میں ایک ارب روپے کی جائیداد ہے، ساری جائیداد وراثت میں ملی، کسی اور ملک میں جائیداد نہیں ہے: نائب صدر مسلم لیگ ن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 22 جون 2019 23:57

مریم نواز نے پاکستان میں جائیداد ہونے کا اعتراف کر لیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22جون2019) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پاکستان میں جائیداد ہونے کا اعتراف کر لیاہے۔ مریم نواز شریف نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں ان کی کوئی جائیداد نہیں ہے البتہ پاکستان میں ان کی اب جائیداد موجود ہے۔ میزبان نے سوال کیا کہ آپ کی پاکستان میں کتنی جائیداد ہے ؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں بالکل درست رقم کا اندازہ نہیں ہے لیکن ان کی پاکستان میں قریباََایک ارب روپے کی جائیداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام جائیداد ڈکلئیرڈ ہے اور انہیں یہ تمام جائیداد وراثت میں ملی۔ نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ لندن میں جو جائیداد ہے وہ ان کے بھائی کی ہے لیکن چونکہ ان کے بھائی کی دو شادیاں ہیں اس لیے انہوں نے اپنی جائیداد کا ٹرسٹی انہیں بنایا کہ اگر خدا نخواستہ انہیں کچھ ہو جائے تو وہ ان کی دونوں بیویوں کے بچوں کو انکے حق کے مطابق انکی جائیداد دے دیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ کیلیبری فونٹ میں وہ کلئیر ہو گئیں اور اس کے بعد بھی ان پر کچھ ثابت نہیں ہو سکا۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کر لیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ان کا میڈیا سیل تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج بھی کہتی ہوں میری لندن میں کوئی جائیداد نہیں، لندن میں تمام جائیدادیں ڈکلئیرڈ ہیں۔ اس سوال پر کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف کیا کرنے جا رہی ہے تو مریم نواز شریف نے کہا کہ اپوزیشن کو زیادہ کام نہیں کرنا پڑے گا، اپوزیشن کا کام حکومت نے خود اپنی نالائقی سے کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پوزیشن نے صرف متحد ہو کر کھڑے ہونا ہے، زیادہ کام نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس پر تنقید کرنی ہوئی اس پر کھل کے تنقید کروں گی ڈھکے چھپے الفاظ میں تنقید نہیں کروں گی۔ مریم نواز نے ڈان لیکس میں ملوث ہونے کے سوال پر بتایا کہ ڈان لیکس ایک دماغ کی من گھڑت چیز تھی اس پر جے آئی ٹی بنی لیکن کچھ نہ نکل سکا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس اجلاس کے حوالے سے ڈان لیکس بنی اس سے میرا تعلق نہیں تھا، مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ اس اجلاس میں کیا ہوتاتھا اور وہاں کیا بات ہوتی تھی تو میں کیسے وہاں ہونے والی کوئی بات لیک کر سکتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اب میری پاکستان میں جائیداد موجود ہے جو مجھے وراثت میں ملی اور اس کی قیمت ایک ارب ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات